وسیم اکرم قومی کرکٹ ٹیم میں اکھاڑپچھاڑ پر برہم

پلیئرز کو ڈراپ کرنے کے بجائے نظم وضبط برقرار رکھنا کوچ کا کام ہے،سابق قائد

کوچنگ بہت تھکا دینے والا کام ہے اور میں کولکتہ کے ساتھ کام کرکے خوش ہوں، وسیم اکرم فوٹو: فائل

سابق کپتان وسیم اکرم پاکستانی ٹیم میں اکھاڑپچھاڑ پر برہم نظر آتے ہیں، ان کے مطابق پلیئرز کو ڈراپ کرنے کے بجائے ان میں نظم وضبط برقرار رکھنا کوچ کا کام ہے۔

کولکتہ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ ٹیم میں تیزی سے اکھاڑپچھاڑ کے نتیجے میں پاکستان کرکٹ کو نقصان پہنچنے لگاہے، پلیئرز کو سمجھانے بجھانے کے بجائے فوری طورپر باہر کر دیا جاتا ہے اس سے ملک میں کھیل متاثر ہورہا ہے، جب بھی ٹیم اچھا کھیل پیش نہیں کرپاتی ہم عمر اکمل یا احمد شہزاد کو ڈراپ کردیتے ہیں، وہ نوجوان پلیئرز ہیں اور پاکستانی بورڈ گذشتہ 10 برس سے ان کھلاڑیوں پر سرمایہ لگا رہا ہے۔


واضح رہے کہ دونوں کھلاڑیوں کو ورلڈ کپ کے دوران غیرذمے داری برتنے کی پاداش میں دورہ بنگلا دیش کے لیے قومی ٹیم سے باہر رکھاگیا، البتہ احمد واحد ٹی ٹوئنٹی کے اسکواڈ میں شامل رہے تھے، سابق کپتان نے کہا کہ جب انھیں ڈراپ کیے جانے کی وجہ پوچھیں تو وہ غیرذمہ داری کا مظاہرہ ہوتی ہے، یہ کوچ کا کام ہے کہ وہ پلیئرز کو ڈراپ کرنے کے بجائے ان میں نظم وضبط برقرار رکھے،اسی وجہ سے پاکستان کرکٹ مشکلات کا شکار ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ ہماری ڈومیسٹک کرکٹ میں پیسے کی کمی ہے، فارمیٹ میں تیزی سے تبدیلیاں بھی پریشانیوں میں اضافے کا سبب ہیں، آئی پی ایل فرنچائز کولکتہ نائٹ رائیڈرز میں بطور بولنگ کوچ خدمات انجام دینے والے وسیم اکرم نے مزید کہا کہ مجھ سے کوچنگ کے حوالے سے پی سی بی نے تاحال کوئی رابطہ نہیں کیا، یہ ایک بہت تھکا دینے والا کام ہے اور میں کولکتہ کے ساتھ کام کرکے خوش ہوں، انھوں نے آئی پی ایل میں پاکستانی اور انگلش پلیئرز کی کمی کا بھی شکوہ کیا ۔
Load Next Story