سری لنکا کی ’’مہمان نوازی‘‘ نے پاکستان کو حاوی ہونے کا موقع فراہم کر دیا

پہلے دن عمر امین 99 اور خرم منظور82رنز بنا کر رخصت ہوئے تھے جب کہ دونوں کے 2،2 کیچز بھی ڈراپ ہوئے

پہلے دن عمر امین 99 اور خرم منظور82رنز بنا کر رخصت ہوئے تھے جب کہ دونوں کے 2،2 کیچز بھی ڈراپ ہوئے۔ فوٹو : اے ایف پی

پہلے اے ٹیسٹ میں سری لنکا کی ''مہمان نوازی'' نے پاکستان کو حاوی ہونے کا موقع فراہم کر دیا، میزبان ٹیم نے نصف درجن سے زائد کیچز ڈراپ کیے، مہمان سائیڈ نے401 رنزبنائے، کپتان فواد عالم نے ٹور میں شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے72کی اننگز کھیلی، دوسرے دن کے اختتام تک3آئی لینڈرز95رنزپر میدان بدر ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق کولمبو میں چار روزہ میچ کے دوسرے دن گرین کیپس نے5 وکٹ پر 245 رنز سے کھیل کا آغاز کیا، عدنان اکمل نے فواد کیساتھ 36 رنز جوڑے، وکٹ کیپر بیٹسمین کو 15رنز پر لاہیرو گیمیج نے آئوٹ کیا،بعدازاں فواد اور شہزاد اعظم کے مابین ساتویں وکٹ کیلیے 67 رنز کی شراکت بنی، اسکور جب 347 پر پہنچا تو کپتان کو 72 رنز پر تھرینڈو کوشل نے آئوٹ کردیا، شاہ زیب احمد صرف ایک رن بنا سکے۔


انھیں بھی کوشل نے واپس پویلین بھیجا، شہزاد اور ضیا الحق (22) نے مل کر اسکور میں36 رنز کا اضافہ کیا، ضیاالحق کے بعد میرحمزہ (صفر) بھی اس وقت آئوٹ ہوگئے جب مجموعی اسکور401 تک پہنچا تھا، آخری دونوں وکٹیں کوشل کے حصے میں آئیں، وہ دوسرے دن پانچ میں سے 4 پلیئرز کو آئوٹ کرنے میں کامیاب ہوئے،اس طرح اننگز میں انکی وکٹوں کی مجموعی تعداد 6 تک پہنچ گئی، شہزاد اعظم 47 رنزپر ناٹ آئوٹ رہے۔

واضح رہے کہ پہلے دن عمر امین 99 اور خرم منظور82رنز بنا کر رخصت ہوئے تھے، دونوں کے 2،2 کیچز ڈراپ ہوئے، علی اسد اور علی وقاص کو بھی ایک، ایک چانس ملا تھا۔ جواب میں سری لنکا اے نے اننگز کا آغاز کیا تو پہلا صدمہ 16 کے مجموعی اسکور پر ڈی سلوا (8) کی صورت میں پہنچا، انھیں میر حمزہ نے علی اسد کے مدد سے پویلین بھیجا، دوسرے اوپنر اودارا جیاسندرا نے35 گیندوں پر 31 رنز کی اننگز کھیلی، وہ بھی میرحمزہ کی شاندار گیندکا نشانہ بن گئے، مداوا ورنا پورا5 رنز بنانے کے بعد ضیا الحق کا شکار بن گئے،کیتھروان وتھانگے12 اور پریانجان 4 رنز کیساتھ جمعے کو تیسرے دن کھیل کا آغاز کرینگے۔
Load Next Story