دھابیجی میں کچرے سے بجلی بنانے کا پلانٹ لگایا جائے گاکے الیکٹرک

دھابیجی میں 3 ہزارایکڑ پر محیط پاکستان کا جدید اورسرسبز لینڈ فل سائیٹ قائم کیا جا رہا ہے،ایم ڈی سالڈ ویسٹ منیجمنٹ بورڈ

شہرکو آلودگی سے پاک سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اہم کردارادا کریگا، کے الیکٹرک،فوٹو فائل

کے الیکٹرک سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے تعاون سے دھابیجی لینڈ فل سائٹ میں کچرے سے بجلی بنانے کا جدید پلانٹ لگائے گی،جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ پیشکش کے الیکٹرک کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ روشن علی شیخ سے ان کے دفتر میں ایک تفصیلی ملاقات کے موقع پر کی۔

کے الیکٹرک کی جانب سے اسامہ قریشی، اریشہ حیدر اور دیگر افسران جبکہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی جانب سے سیکریٹری ڈاکٹر میر نصرت پنہور، ایگزیکٹو ڈائریکٹر آپریشن ڈاکٹر اے ڈی سنجنانی، ڈپٹی ڈائریکٹر احسن رضا اور ڈائریکٹر میڈیا مینجمنٹ محمد شبیہ صدیقی بھی موجود تھے،روشن علی شیخ نے اس موقع پر وفد کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ کراچی کو صاف ستھرا اور شہریوں کو آلودگی سے پاک ماحول فراہم کرنے کے لیے شہر کے مختلف مقامات پر 6 جدید گابیج ٹرانسفر اسٹیشن قائم کیے جا رہے ہیں ۔


جہاں پر کمپوزنگ پلانٹ اور آر ڈی ایف پلانٹ بھی لگائے جائیں گے، یہ جی ٹی ایس میوہ شاہ قبرستان، کورنگی کاز وے نزد ملیر ندی کے قریب، نزد شرافی گوٹھ قبرستان، سہراب گوٹھ نزد لیاری ایکپریس وے، عیسیٰ نگری نزد لیاری ایکسپریس وے اور صفورہ گوٹھ نزد ریس کورس گرائونڈ قائم کئے جائیں گے۔

ایم ڈی سالڈ ویسٹ منیجمنٹ بورڈ نے مزید بتایا کہ دھابیجی میں 3 ہزارایکڑ پر محیط پاکستان کا جدید اور سرسبز لینڈ فل سائیٹ قائم کیا جا رہا ہے جہاں پر ایک منی فاریسٹ بھی قائم کیا جائے گا اور شہر کا 40 فیصد کچرا دھابیجی لینڈ فل سائیٹ منتقل کیا جائیگا۔کے الیکٹرک کے وفد نے حکومت اور خصوصاً سالڈ ویسٹ منیجمنٹ بورڈ کی کاوشوں کو سراہا اور ان کے منصوبے کی تعریف کی اور کہا کہ شہرکو آلودگی سے پاک اور شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے سلسلے میں سندھ سالڈ ویسٹ منیجمنٹ بورڈ اہم کردار ادا کرے گا۔ کے الیکٹرک کے وفد نے بھینس کالونی میں بائیو گیس سے بجلی بنانے کا پلانٹ لگانے میں بھی دلچسپی کا اظہار کیا۔

 
Load Next Story