پریرا کی سنچری نے سری لنکا کو ناکامی کے خدشات سے آزاد کردیا

پاکستان سے پہلے اے ٹیسٹ میں ففٹی میکرگونارتنے کے ساتھ198رنز کی شراکت

کوشل پریرا نے ایک روزہ میچوں میں 313 رنز بنائے جس میں 2 سنچریاں اور ایک ففٹی شامل تھی۔فوٹو : اے ایف پی

PESHAWAR:
پہلے اے ٹیسٹ میں کوشل پریرا کی سنچری نے سری لنکا کو ناکامی کے خدشات سے آزاد کردیا، پاکستان بولرز تیسرے روز لیفٹ ہینڈر کے دفاع میں شگاف نہ ڈال سکے، انھوں نے ففٹی بنانے والے ایسلا گونارتنے کیساتھ 198 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کر دی۔

تفصیلات کے مطابق کولمبو میں چار روزہ میچ کے تیسرے دن سری لنکا نے3 وکٹ پر 95 رنز کے ساتھ نامکمل پہلی اننگز شروع کی،کیتھروان وتھانگے اور کپتان اشان پریانجن اسکور میں صرف 20 رنز کا اضافہ کرتے ہوئے چلتے بنے، وتھانگے کو 39 رنز پر میر حمزہ نے وکٹ کیپر عدنان اکمل کی مدد سے اپنا تیسرا شکار بنایا، پریانجن17رنز پر ضیا الحق کا نشانہ بنے،اس بار بھی کیچ عدنان نے ہی تھاما، 115 رنز پر آدھی ٹیم کے پویلین جانے پر ایسلا گونارتنے اور کوشل پریرا نے مہمان بولرز کی پٹائی شروع کردی۔


کوشل نے وکٹ کے چاروں اطراف شاندار اسٹروکس کھیلے، گونارتنے نے بھی بھرپور ساتھ دیا، دونوں نے 42 اوورز کے کھیل میں 198 رنز بنائے،جب تیسرے دن مقابلہ ختم ہوا تو میزبان کا اسکور 313 رنز تھا، اسے پاکستانی اسکور برابر کرنے کیلیے مزید 88 رنز کی ضرورت جبکہ 5 وکٹیں باقی ہیں، کوشل پریرا 140 گیندوں پر 2 چھکوں اور 15 چوکوں کی مدد سے 119 پر ناقابل شکست رہے۔

گونارتنے64 رنز ناٹ آئوٹ بنا کیلیے 138 گیندوں کا سہارا لیا، میرحمزہ نے مزید ایک وکٹ حاصل کرتے ہوئے اننگز میں شکار کی تعداد کو3 جبکہ ضیاء الحق نے2کرلیا۔ یاد رہے کہ ٹیسٹ سیریز کے آغاز سے قبل میزبان سائیڈ نے ون ڈے سیریز میں2-1 سے فتح حاصل کی تھی، کوشل پریرا نے ایک روزہ میچوں میں 313 رنز بنائے جس میں 2 سنچریاں اور ایک ففٹی شامل تھی۔
Load Next Story