ناانصافی اور کرپشن کا ذکر کافی نہیںنظام   بھی بدلنا ہوگا

ملک میں چھوٹے کاشتکار پسماندگی کا شکار ہیں اور وطن کی مٹی کو سونا بنانے والوں کو اپنی محنت کا صلہ نہیں مل رہا

آپریشن ضرب عضب کے بعد امن و امان کی صورت حال یقیناً بہتر ہونے سے ملکی معیشت میں بھی کافی بہتری آئی ہے۔ فوٹو : فائل

وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے جمعرات کو چھوٹے کاشتکاروں کے لیے قرضہ اسکیم کے اجرا کی تقریب سے خطاب کے دوران ملک میں ہونے والی کرپشن اور ناانصافی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بڑا طبقہ خودکو دیوالیہ ظاہر کر کے پیسہ ہڑپ کر جاتا ہے، اس کا قصور اور سزا معاف ہو جاتی ہے اور اس سے قرضے کا پیسہ بھی وصول نہیں ہوتا، عام شخص بدقسمتی سے بینک ڈیفالٹ ہو جائے تو اسے ہر طرح سے جکڑا جاتا ہے، یہ کسی کے باپ کا پیسہ نہیں، ملک و قوم کا پیسہ ہے، پاکستان کا پیسہ قوم کی امانت ہے، کسی کو ہضم نہیں کرنے دیا جائے گا۔

یہ چند برسوں کا قصہ نہیں بلکہ کرپشن، لوٹ مار اور ناانصافی کی طویل داستان ہے جس کا اختتام ہوتا ہوا کہیں دکھائی نہیں دے رہا۔ ماضی اور موجودہ حالات کے تناظر میں یہ کہا جا سکتا ہے کہ یہ ملک بڑے طبقے کے لیے جنت اور عام آدمی کے لیے تکلیفوں اور اذیتوں کی ایک ایسی پگڈنڈی ہے جس پر چھائے مایوسی اور ناامیدی کے بادل مسلسل گہرے ہوتے چلے جا رہے ہیں۔ حکمران معاشرے میں ہونے والی ناانصافی اور عام آدمی کے دکھوں کا ذکر تو کرتے ہیں مگر اس کا باعث بننے والے نظام کو بدلنے کی قطعی کوشش نہیں کرتے اور عملی طور پر اسی نظام کو برقرار رکھنے کے لیے کوشاںدکھائی دیتے ہیں ۔


ملک میں چھوٹے کاشتکار پسماندگی کا شکار ہیں اور وطن کی مٹی کو سونا بنانے والوں کو اپنی محنت کا صلہ نہیں مل رہا، محنت وہ کرتے ہیں اور اس کا پھل کسی اور کی گود میں جاگرتا ہے۔ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے چھوٹے کاشتکاروں کے لیے قرضہ اسکیم کا اجرا کر کے یقیناً احسن جانب قدم اٹھایا ہے لیکن چھوٹے کاشتکار کی زندگی کے دن تب ہی پھریں گے جب اسے اپنی محنت کا پورا معاوضہ ملے گا۔ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا کہ پاکستانی بینک غریب طبقے کے ساتھ انصاف نہیں کر رہے انھیں اب اپنی روش بدلنا ہو گی اور غریبوں کے لیے بھی دروازے کھولنا ہوں گے۔

حکومت باقاعدہ ایسا نظام تشکیل دے جس سے غریب طبقے کو بینکوں سے آسان شرائط پر بلا رکاوٹ قرضے مل سکیں اور ان قرضوں پر شرح سود بھی بہت کم ہونا چاہیے تاکہ انھیں قرضے کی ادائیگی میں کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب میں ہارنے والی کوئی بات نہیں ہے۔

آپریشن ضرب عضب کے بعد امن و امان کی صورت حال یقیناً بہتر ہونے سے ملکی معیشت میں بھی کافی بہتری آئی ہے اب حکومت اور سول اداروں کی بھی ذمے داری ہے کہ وہ اپنے فرائض ذمے داری سے انجام دیں۔ اگر حکمران معاشرے میں موجود ناانصافی اور ظلم کا خاتمہ کرنا چاہتے ہیں تو انھیں موجودہ نظام کو بدلنا ہو گا، صرف بیانات دینے سے معاملات میں درستگی نہیں آئے گی۔
Load Next Story