ہوم سیریز کے لئے قومی اسکواڈ کی ’’نقاب کشائی‘‘ پیرکو متوقع

سری لنکا میں اے ٹیم کی جانب سے عمدہ کارکردگی دکھانے والے کھلاڑی بھی زیر غور لائے جائیں گے

ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں عمدہ کارکردگی دکھانے والوں کے ساتھ سری لنکا میں اچھا کھیل پیش کرنے والوں کو بھی زیر غور لائیں گے، ہارون رشید۔ فوٹو : فائل

زمبابوے سے سیریز کے لیے قومی اسکواڈ کی ''نقاب کشائی''پیرکومتوقع ہے، چیف سلیکٹر ہارون رشید کہتے ہیں کہ سپرایٹ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے سیمی فائنلز دیکھنے کے بعد فہرست کو حتمی شکل دیں گے۔

تفصیلات کے مطابق ہارون رشید کی زیرسربراہی سلیکشن کمیٹی کے ارکان ان دنوں فیصل آباد میں جاری قومی سپر ایٹ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کا بغور جائزہ لے رہے ہیں، انھیں زمبابوے سے سیریزکے اسکواڈز منتخب کرنے اور مستقبل کے لیے کرکٹرز کی کھیپ تیار کرنے کا چیلنج درپیش ہے۔


نمائندہ ''ایکسریس'' سے گفتگوکرتے ہوئے چیف سلیکٹر ہارون رشید نے بتایاکہ سری لنکا میں اے ٹیم کی جانب سے کھیلنے والے کرکٹرز کی پرفارمنس دیکھنے کا موقع ملا،اپنے کھیل سے متاثر کرنے والوں کو مستقبل کے پلان کا حصہ بنایا جائے گا، انہوں نے کہا کہ زمبابوے سے سیریز کے لیے قومی اسکواڈز کا اعلان قومی سپر ایٹ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے سیمی فائنلزختم ہونے پرکیا جائے گا، ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں عمدہ کارکردگی دکھانے والوں کے ساتھ سری لنکا میں اچھا کھیل پیش کرنے والوں کو بھی زیر غور لائیں گے۔ ایک سوال پر ہارون رشید نے کہا کہ سعید اجمل ایک فائٹر کرکٹر ہیں۔

انہوں نے اپنے ایکشن کی اصلاح کے لیے بڑی محنت کی، آف اسپنر کو ردھم میں آنے اور ماضی جیسی بولنگ کرنے کے لیے وقت درکار ہوگا، ان کے بارے میں جلد بازی میں حتمی رائے قائم کرنا درست نہیں ہے، سعید کو زمبابوے کیخلاف سیریز کا حصہ بنانے کے سوال پر چیف سلیکٹر نے کہا کہ فیصل آباد میں دیگر کھلاڑیوں کی طرح اسپنر کی فارم اور فٹنس پر بھی نظریں مرکوز ہیں،تمام امور کا جائزہ لینے کے بعد ٹیم کے مفاد میں بہتر فیصلہ کریں گے۔
Load Next Story