قومی ہاکی ٹیم کی ناکامیوں کا سلسلہ کوریا تک دراز

پہلے ٹیسٹ میں میزبان کی4-0 سے فتح،فاتح سائیڈ کاچاروں کوارٹرز میں ایک، ایک گول

ٹیم مینجمنٹ کے مطابق دفاع اور کاونٹر اٹیک میں سامنے آنے والی خامیوں پر کوچز سخت مایوس ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

پاکستانی ہاکی ٹیم کی ناکامیوں کا سلسلہ آسٹریلیا سے ہوتا ہواکوریا تک پہنچ گیا، پہلے ٹیسٹ میں میزبان نے4-0 سے فتح سمیٹی، فاتح ٹیم نے چاروں کوارٹرز میں ایک، ایک گول کیا۔


دریں اثنا شکستوں کو ٹالنے کے لیے ٹیم مینجمنٹ نے سر جوڑ لیے، پلیئرز کے فٹنس لیول کو بہتر بنانے کے سلسلے میں سخت ٹریننگ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اولمپک کوالیفائنگ راؤنڈ کی تیاریوں میں مصروف پاکستانی ہاکی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے، رواں ماہ آسٹریلیا میں چار ملکی ٹورنامنٹ میں بھی وہ قابل ذکر پرفارمنس نہ دکھا پائی تھی،6میچز میں سے صرف 2میں کامیابی مل سکی تھی ، یہ دونوں فتوحات کوریا کے خلاف تھیں۔ گذشتہ روز عمران الیون نے کوریا کیخلاف چار میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز کیا تو خلاف توقعات میزبان ٹیم ہوم گراؤنڈ پرشیر بن گئی۔ گرین شرٹس یکطرفہ مقابلہ چار گول سے ہار گئے۔

میچ کے دوران پاکستانی ٹیم مکمل طور پر بے بسی کی تصویر بنی رہی اور متعدد مواقع ملنے کے باوجود پلیئرز گیند کو جال کے اندر پھینکنے میں کامیاب نہ ہو سکے۔ جنوبی کوریا نے میچ کے چاروں کوارٹرز میں ایک ایک گول کیا۔ چار میچزکی سیریز کا دوسرا میچ 20 مئی کو کھیلا جائیگا۔ ادھر ٹیم مینجمنٹ نے ٹیسٹ سیریز کے باقی مقابلوں میں اچھے نتائج کے لیے کھلاڑیوں کو بھر پور پریکٹس کا پروگرام بنا لیا۔ ذرائع کے مطابق میچ ختم ہونے کے بعد ہیڈ کوچ شہناز شیخ نے کھلاڑیوں کو اسٹیڈیم میں ہی روک لیا اور بھرپور فزیکل ٹریننگ کرائی، پریکٹس کا سلسلہ آج بھی 2 مرحلوں میں جاری رہے گا، دوپہر کے سیشن میں پلیئرز کو فزیکل ٹریننگ کرائی جائے گی جبکہ شام کو پہلے میچ میں نظر آنے والی خامیوں کو دور کرنے کی کوشش ہوگی۔ ٹیم مینجمنٹ کے مطابق دفاع اور کاونٹر اٹیک میں سامنے آنے والی خامیوں پر کوچز سخت مایوس ہیں۔
Load Next Story