پولیو کیسز میں کمی کی خوش آیند اطلاع

حکام کے مطابق پاکستان کے شمالی علاقوں میں شدت پسندوں کے خلاف فوجی آپریشن کی وجہ سے صورتحال بہتر ہوئی

پولیو کیسز میں کمی خوش آیند ہے، امید ہے بہت جلد ہمارا ملک بھی پولیو فری ممالک کی فہرست میں شامل ہوگا۔ فوٹو: فائل

RAWALPINDI:
اخباری اطلاعات کے مطابق پاکستان میں رواں سال پولیو کیسز میں 70 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ حکام کے مطابق پاکستان کے شمالی علاقوں میں شدت پسندوں کے خلاف فوجی آپریشن کی وجہ سے صورتحال بہتر ہوئی۔ گزشتہ سال پولیو کیسز کے بڑھتے تناظر اور شدت پسندوں کے پولیو ٹیموں پر قاتلانہ حملوں کے باوجود اس خبر کو خوش آیند قرار دیا جاسکتا ہے۔

ملک کے مستقبل کو اپاہج دیکھنے اور فرسودہ روایات کے ذریعے معصوم اذہان کو پولیو ویکسینیشن سے متنفر کرنے والوں کے لیے یہ خبر یقیناً تازیانہ ثابت ہوئی ہوگی۔ عالمی ادارہ صحت ڈبلیو ایچ او کے مطابق رواں سال اب تک پاکستان میں پولیو کے 24 کیس رپورٹ ہوئے ہیں، یہ تعداد گزشتہ سال کے اسی عرصے سے 70 فیصد کم ہے۔ گزشتہ سال پانچ ماہ میں 84 کیس سامنے آئے تھے اور پورے سال پولیو کیسز کی تعداد 306 رہی تھی۔ یہ بات بھی قابل غور ہے کہ پولیو کے بیشتر کیس قبائلی علاقوں میں سامنے آئے جہاں شدت پسندوں کی جانب سے انسداد پولیو ٹیموں کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔


عالمی ادارے کے کوآرڈینیٹر ایلس ڈوری نے پولیو کیسز میں کمی کی تصدیق کی اور کہا کہ اس سلسلے میں کی جانے والی کوششیں کامیاب رہی ہیں، انھوں نے کہا کہ وزیرستان تک رسائی اور وہاں سے آنے والے متاثرین آپریشن میں پولیو ویکسینیشن کی وجہ سے پولیو کیسز میں کمی آئی۔ وزیراعظم کے پولیو پروگرام کی مشیر کا کہنا تھا کہ شمالی وزیرستان میں عسکریت پسندی کے خاتمے کے لیے وقت صرف ہوا ہے اور اس کا اثر پولیو پروگرام میں بھی ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قبائلی علاقوں میں اس سال صرف سات نئے کیس سامنے آئے جب کہ کراچی سے کوئی نیا کیس سامنے نہیں آیا۔

قبائلی علاقوں میں فوج انتہائی مددگار ثابت ہوئی، ان کی مدد اور متحدہ عرب امارات کے مالی تعاون سے شدید متاثرہ علاقوں میں انسداد پولیو مہم پھیلانے میں کامیاب رہے اور دو سال بعد ہمیں وزیرستان کی آبادی تک رسائی حاصل ہوئی۔

مذکورہ رپورٹ کے بعد اس بات کے مثبت اشارے مل رہے ہیں کہ پاکستان 2014 کی صورتحال سے نکل آیا ہے اور اب ہم پولیو کے مکمل خاتمے کی راہ پر گامزن ہیں۔ حکومت پولیو کے خاتمے کے لیے سنجیدہ اور پرعزم ہے اور اس وقت فاٹا کے تمام علاقوں میں پولیو مہم جاری ہے۔ پولیو کیسز میں کمی خوش آیند ہے، امید ہے بہت جلد ہمارا ملک بھی پولیو فری ممالک کی فہرست میں شامل ہوگا۔
Load Next Story