ٹاپ پاکستانی پلیئرز بنگلہ دیش لیگ نہیں کھیل سکیں گے

قومی ٹیم کا دورہ جنوبی افریقہ 25 جنوری سے شروع ہوگا

بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کے پہلے ایڈیشن کو منعقد ہوئے 7 ماہ سے زائد کا عرصہ ہوچکا مگر ابھی تک کئی کھلاڑی معاوضوں سے محروم ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی/ فائل

ٹاپ پاکستانی پلیئرز آئندہ برس بنگلہ دیش پریمیئر لیگ نہیں کھیل سکیں گے۔

جنوری میں شیڈول ایونٹ کے دوران پاکستان ٹیم جنوبی افریقہ کے دورے پر جائے گی، ویسٹ انڈیز، نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کے پلیئرز بھی پورے ٹورنامنٹ کیلیے دستیاب نہیں ہوں، غیراہم کھلاڑیوں کی بہتات سے بی پی ایل کی دلچسپی مزید مانند پڑجائیگی۔ تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کے پہلے ایڈیشن کو منعقد ہوئے 7 ماہ سے زائد کا عرصہ ہوچکا مگر ابھی تک کئی کھلاڑی معاوضوں سے محروم ہیں، یہ مسئلہ حل ہوا نہیں کہ اگلے ایونٹ کی منصوبہ بندی بھی شروع کردی گئی،آغاز کیلیے17 جنوری کی تاریخ طے کی گئی مگر اس میں زیادہ تر وہ کھلاڑی شریک نہیں ہو پائینگے۔


جنھوں نے گذشتہ برس حصہ لیا تھا،اگر کچھ ہوئے بھی تو وہ مکمل ایونٹ کیلیے دستیاب نہیں ہوںگے، بنگلہ دیش لیگ کو پہلے ایڈیشن میں پاکستانی کھلاڑیوں نے زیادہ رونق بخشی تھی، اس بار بھی پاکستان کے ٹاپ اسٹار اس لیگ میں حصہ نہیں لے پائیں گے کیونکہ قومی ٹیم کا دورئہ جنوبی افریقہ 25 جنوری سے شروع ہوگا، اسی طرح ویسٹ انڈین سائیڈکو29 جنوری سے آسٹریلیا جانا ہے، جنوبی افریقی ٹیم 25 جنوری تک نیوزی لینڈ کے ساتھ سیریز جبکہ سری لنکن سائیڈآسٹریلیا میں 28 جنوری تک مصروف ہوگی۔ بی پی ایل کو زیادہ تر ان کھلاڑیوں پر انحصار کرنا پڑے گا۔

جو قومی اسکواڈز میں جگہ بنانے میں ناکام رہے ہوں گے۔ اس سے قبل پہلے سیزن میں بھی پاکستانی ٹیم انگلینڈ سے سیریز میں مصروف تھی جس کی وجہ سے شاہد آفریدی اور سعید اجمل سمیت کچھ کھلاڑی آخری ایک، دو میچز ہی کھیل پائے تھے۔ بی پی ایل کی گورننگ کونسل نے پہلے ہی فرنچائزز کو خبردار کردیاکہ اگر انھیں اگلے ایڈیشن میں کھیلنا ہے تو 20 اکتوبر سے پہلے ہی تمام واجبات چکتا کردیں۔
Load Next Story