گال ٹیسٹ سے قبل پاکستانی ہتھیاروں کی جانچ مکمل

گرین کیپس نے 7وکٹ پر 257رنز بناکر اننگز ڈیکلیئرڈ کر دی

مصباح الحق الیون نے اپنی پہلی اننگز میں 247رنز بنائے تھے، جواب میں میزبان ٹیم 241پر آئوٹ ہوگئی تھی۔ فوٹو : اے ایف پی

پاکستان نے گال ٹیسٹ سے قبل ہتھیاروں کی جانچ مکمل کرلی، بے نتیجہ وارم میچ کے آخری روز پر اعتماد ففٹی کی بدولت شان مسعود ٹور سلیکشن کمیٹی کی نظروں میں آگئے،اظہر علی نے بھی ردھم حاصل کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق آخری روز پاکستان نے ایک وکٹ پر27رنز کے ساتھ دوسری اننگز کا آغاز کیا، شان مسعود سابقہ اسکور 15میں اضافہ کرتے ہوئے ففٹی بنانے میں کامیاب ہوئے لیکن 64 رنز پر انھیں جیفری وینڈرسے نے ایل بی ڈبلیو کردیا،133رنز کی شراکت ختم ہونے کے بعد اظہر علی نے 48پر ریٹائر ہوکر کپتان مصباح کو پریکٹس کا موقع فراہم کیا۔


وہ اس سے خاطر خواہ فائدہ نہ اٹھاسکے اورلیگ اسپنر کا دوسرا شکار بن گئے،کیچ اپل تھارنگا نے لیا، یونس نے 35رنز بنانے کے بعد ریٹائر ہونا مناسب سمجھا، اسد کا ساتھ دینے کیلیے آنیوالے سرفراز احمد دوسری ہی گیند پر چلتے بنے، انھیں بنورا فرنانڈو نے ڈکویلا کی مدد سے پویلین بھیجا، وہاب کو 24رنز پر وینڈرسے نے ایل بی ڈبلیو کیا تو پاکستان نے7وکٹ پر 257رنزکو کافی خیال کرتے ہوئے اننگز ڈیکلیئرڈ کرنے کا اعلان کردیا، اسد 31پر ناقابل شکست رہے،پہلی اننگز میں 5شکار کرنے والے وینڈرسے اس بار 3وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔

سری لنکن بورڈ پریذیڈنٹ الیون کو 31اوورز میں 264رنز کا مشکل ترین ہدف ملا، اوپنرز نے جارحانہ آغاز کرتے ہوئے 17اوورز میں 95رنز بناکر مہمان بولرز کی کمزوریوں کی قلعی کھول دی،اپل تھارنگا 50اور کرونا رتنے 54رنز بناکر ریٹائر ہوئے۔

بعد ازاں احسان عادل نے جیہان (16) کو عمران خان کا کیچ بنوا دیا، میزبان ٹیم نے27اوورز میں 3وکٹ پر 129رنز اسکور کیے تھے کہ کھیل ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، پاکستان نے کسی اسپنرکو آزمانے کے بجائے چاروں پیسرزوہاب ریاض، جنید خان،احسان عادل اور عمران خان کو پریکٹس کا موقع فراہم کرنے کو ترجیح دی۔ یاد رہے کہ مصباح الحق الیون نے اپنی پہلی اننگز میں 247رنز بنائے تھے، جواب میں میزبان ٹیم 241پر آئوٹ ہوگئی تھی۔
Load Next Story