رمضان میں گراں فروشوں کیخلاف سخت کارروائی ہوگی کمشنر

ماہ رمضان میں شہریوں کواشیائےخورونوش کی رعایتی قیمتوں پر فراہمی یقینی بنانے کے لیے جامع رمضان پیکیج تیار کیا ہے، کمشنر

شہری کمشنر کراچی کنٹرول روم کے فون نمبر 021-99203443 یا کمشنر کراچی ٹول فری نمبر 1299 پر شکایت درج کراسکتے ہیں۔ فوٹو : اے پی پی

ISLAMABAD:
رمضان المبارک کے دوران گراں فروشی کرنے والوں کے خلاف انتظامیہ سخت کارروائی کرے گی، ناجائز منافع خور باز آجا ئیں، یہ بات کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی نے صحافیوں کو ماہ رمضان میں اشیائے خورونوش کی قیمتوں سے متعلق بریفنگ کے دوران بتائی،کمشنر نے کہا کہ انتظامیہ نے ماہ رمضان میں شہریوں کو اشیائے خورونوش کی رعایتی قیمتوں پر فراہمی یقینی بنانے کے لیے جامع رمضان پیکیج تیار کیا ہے۔

جس کے تحت شہر کے مختلف علاقوں میں بچت بازار لگائے جائیں گے، گراں فروشی کے خلاف عوام کا تعاون نا گزیر ہے انھوں نے عوام سے کہا کہ وہ صرف ایک روز کے لیے پھلوں کا بائیکا ٹ کردیں تو گراں فروشوں کے دماغ درست ہوجائیں گے، اشیائے خورونوش کے ہول سیلرز، ریٹیلرز اور تیارکنندگان کے تعاون سے رعایتی قیمتیں مقرر کی گئی ہیں، سبزی اور پھلوں کی مناسب قیمتیں مقرر کر نے کے لیے مارکیٹ کمیٹی کو موثر بنانے کے اقدامات اور جامع منصوبہ بندی کی گئی ہے، ضلعی انتظامیہ کے افسران رات اور صبح کے وقت میں نیلامی کی نگرانی کریں گے۔


کریانہ اشیا کی نئی قیمتوں کی تفصیل بتاتے ہوئے انھوں نے کہ کہ اس سال 78 کریانہ اشیا کی قیمتیں مقرر کی گئی ہیں ان میں دالیں، چاول، مصالحہ جات، گرم مصالحے،خشک میوے اور متفر ق اشیا شامل ہیں، پیکیج میں 16اشیا کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے اور 59 اشیا کی قیمت مستحکم رکھی ہے، ایرانی کھجور کی ہول سیل قیمت160 روپے فی کلو ریٹیل قیمت169،کھجور سکھرکی ہول سیل قیمت 120اور ریٹیل قیمت127، کھجور بصرہ کی ہول سیل قیمت 120 فی کلو اور ریٹیل قیمت 127 روپے ہوگی، ہول سیل ایسوسی ایشن جوڑیا بازار کریانہ نے رمضان میں بیسن ،دال، چنا ،کالا چنا ،کابلی چنا اور چاول کی قیمتوں میں 2 سے 3 روپے کمی کی ہے، سموسے، پکوڑے، کجھلہ ، پھینی اور بیکری اشیا کی قیمتیں پچھلے سال کی ہی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تیارکنندگان اور دکانداروں کی جانب سے آٹا، روٹی، تیل،گھی، چائے کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے۔

بچت بازاروں میں خوردنی تیل کے خصوصی اسٹال قائم کیے گئے ہیں جہاں خوردنی تیل کی قیمت مارکیٹ سے 15 روپے کم اور بناسپتی گھی 10 روپے کم قیمت پر دستیاب ہے، چائے پتی کی قیمت میں 5 روپے فی کلو، خشک دودھ کی قیمت میں 5 روپے فی کلو اور گائے کے گوشت کی قیمت میں10روپے فی کلو کمی کی گئی ہے۔

چکی کے آٹے کی قیمت میں ایک روپے فی کلو کمی کی گئی ہے، سندھ فلور ملز ایسوسی ایشن کراچی کے 6 اضلاع میں موجود85 فلور ملوں پر سستا آٹا عوام کو 35 روپے فی کلو اور مارکیٹ میں36 روپے فی کلو فراہم کرے گی، مختلف کمپنیاں بچت بازاروں میں رعایتی قیمت کے اسٹال لگائیں گی، اشیائے خورونوش ، سبزیوں ، پھلوں ، مرغی کے گوشت، بیکری اشیا، بکری کے گوشت اور گائے کے گوشت کا نرخ نامہ عوام کی رہنمائی کے لیے کمشنر کراچی کی ویب سائٹ commissionerkarachi.gos.pk پر روز جاری کیا جائیگا، شہری کمشنر کراچی کنٹرول روم کے فون نمبر 021-99203443 یا کمشنر کراچی ٹول فری نمبر 1299 پر شکایت درج کراسکتے ہیں۔
Load Next Story