پاکستان کرکٹ میں ’’ڈیٹا فکسنگ‘‘ بھی شروع ہو گئی

بورڈکے ویب سائٹ اسکوررنے رقم لے کرکھلاڑی کے کوائف میں تبدیلی کر دی

بورڈ نے اب تمام چیزوں پر گہری نظر رکھنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ملکی کرکٹ کو مزید بدنامی سے بچایا جا سکے۔ فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ میں میچ اور اسپاٹ کے بعد اب ''ڈیٹا فکسنگ'' بھی شروع ہو گئی، بورڈ کے ویب سائٹ اسکورر نے مبینہ طور پر رقم لے کر ایک کھلاڑی کے کوائف میں تبدیلی کردی، شکایت ملنے پر تحقیقات کے بعد اسے ملازمت سے فارغ کر دیا گیا۔


پاکستان کرکٹ میں کرپشن کا ناسور بُری طرح سرایت کر گیا ہے،کھلاڑی پہلے میچ فکسنگ میں ملوث ہوئے، پھر عامر، آصف اور سلمان نے اسپاٹ فکسنگ سے ملک کو خوب بدنام کیا ، افسوس کی بات یہ ہے کہ اب چھوٹے لیول پر بھی کرپشن زوروں پر ہے، ذرائع نے نمائندہ ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ گذشتہ دنوں ایک ویب سائٹ اسکورر''اے ایس'' کے بارے میں بورڈ کو تحریری شکایت موصول ہوئی کہ اس نے مبینہ طور پر رقم کے عوض کھلاڑی کے ڈیٹا میں تبدیلی کی ہے، پاکستان میں پلیئرز عموماً اپنی تاریخ پیدائش میں تبدیلی کرتے ہیں تاکہ بڑی عمر تک کھیل سکیں، موجودہ ٹیم کے کئی سپراسٹارز کی عمر بھی ظاہر کردہ سے خاصی زیادہ ہے، مذکورہ پلیئر کی عمر اور دیگر ریکارڈ میں تبدیلی ہوئی۔

ویب سائٹ پر بھی غلط ڈیٹا رکھاگیا، بورڈ کو جب معاملے کا علم ہوا تو اعلیٰ حکام نے معاملہ تحقیقاتی کمیٹی کو سونپا،اس نے حاصل شدہ ثبوتوں کی بنیاد پر اسکورر کو قصوروار قرار دیدیا جس کے بعد فوری طور پر ملازمت سے فارغ کر دیا گیا۔ دوسری جانب اسکورر کے قریبی ذرائع کہتے ہیں کہ وہ 15سال سے مختلف بڑی ویب سائٹس و بورڈ کیلیے اسکورنگ کر رہا ہے،کبھی کوئی شکایت آئی نہ غلط کام کیا، حالیہ واقعہ سازش ہے، بورڈ کو اسے صفائی پیش کرنے کا موقع دینا چاہیے۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ڈومیسٹک میچز کے دوران اسکورز میں بھی بعض اوقات معمولی نوعیت کی تبدیلیاں کر دی جاتی ہیں، بورڈ نے اب تمام چیزوں پر گہری نظر رکھنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ملکی کرکٹ کو مزید بدنامی سے بچایا جا سکے۔
Load Next Story