سلمان بٹ نے اپنے گناہوں کی پٹاری خود ہی کھول دی

بطورکپتان اسپاٹ فکسنگ کا سب سے بڑا ذمہ دار میں ہی ہوں، سابق اوپنر کا اعتراف

بطورکپتان اسپاٹ فکسنگ کا سب سے بڑا ذمہ دار میں ہی ہوں، سابق اوپنر کا اعتراف فوٹو: اے ایف پی/فائل

KARACHI:
سلمان بٹ نے اپنے گناہوں کی پٹاری خود ہی کھول دی، انھوں نے اپنے اقرار نامے میں لکھاکہ بطور کپتان اسپاٹ فکسنگ کے سب سے بڑے ذمہ دار وہی ہیں،قبل ازیں بے گناہی پر اصرار کرنے والے کرکٹر نے پی سی بی کے پاس جمع کرائے گئے اپنے بیان میں کہاکہ لارڈز ٹیسٹ میں دانستہ نو بال کراکے غلطی کی، دوسرے پلیئرزکو میری نصیحت ہے کہ کھیل کی ساکھ تباہ کرنے والے ایسے کاموں سے دور رہیں۔

تفصیلات کے مطابق چندروز قبل چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے کہا تھا کہ سلمان بٹ نے اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے اقرار نامہ جمع کرا دیا ہے، گذشتہ روز بورڈ کی جانب سے پریس ریلیز میں اس کی کاپی بھی میڈیا کو فراہم کردی گئی۔

لارڈز ٹیسٹ میں اسپاٹ فکسنگ کیس کی سماعت سے سزا ور بعد ازاں بھی سابق کپتان اپنی بے گناہی پر اصرار کرتے رہے، دوسری جانب آغاز میں ہی اعتراف جرم کرنے والے محمد عامر کی پابندی ختم ہونے والی ہے، سلمان بٹ کا دبے دبے لفظوں میں اقبال جرم پی سی بی ناقابل قبول قرار دیتا رہا جس کی وجہ سے ان کا اصلاحی پروگرام بھی شروع نہ ہوسکا،اب سابق کپتان ٹریک پر آگئے اور 28جون کو پی سی بی کے پاس جمع کرائے گئے اقرار نامے میں کھل کر اپنا گناہ تسلیم کرلیا۔




انھوں نے کہاکہ میں دانستہ نو بال کراکے آئی سی سی اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی کا مرتکب ہوا، میری اس حرکت کی وجہ سے پاکستان کرکٹ اور پی سی بی کی ساکھ کو جو نقصان پہنچا اس پر پشیمان اور معافی کا طلبگار ہوں، میںقبول کرتا ہوں کہ بطور قائد مجھ پر کسی بھی دوسرے کھلاڑی سے زیادہ بھاری ذمہ داری عائد ہوتی تھی، جو لوگ بھی کرکٹ کھیل رہے یا کھیلنا چاہتے ہیں۔

میں سب کو باور کرانا چاہتا ہوں کہ کھیل کا تاثر خراب کرنے والی سرگرمیوں سے دور رہیں،کوئی انھیں کرپشن پر مائل کرنے کی کوشش کرے تو رپورٹ کرنے میں ذرا بھی تاخیر نہ کریں، انھوں نے کہا کہ میں بحالی کے پروگرام میں شرکت کیلیے تیار ہوں، اس دوران ملک میں یا کہیں بھی اگر لوگوں کو کرپشن کے حوالے سے شعور دینے کے لیے میری ضرورت ہوئی تو دستیاب ہوں گا۔
Load Next Story