اولمپکس کی منزل تک پہنچنے کے لئے گرین شرٹس کے مشکل سفر کا آج آغاز ہوگا

پاکستانی کھلاڑیوں اور آفیشلز نے رمضان المبارک کا دوسرا روزہ بھی رکھا اور افطار سے قبل اسٹیڈیم جا کر بھرپور ٹریننگ کی

پاکستانی کھلاڑیوں اور آفیشلز نے رمضان المبارک کا دوسرا روزہ بھی رکھا اور افطار سے قبل اسٹیڈیم جا کر بھرپور ٹریننگ کی- فوٹو: اے ایف پی/فائل

اولمپکس کی منزل تک پہنچنے کے لیے گرین شرٹس کے مشکل سفرکاآغاز ہفتے کو ہوگا،ورلڈ ہاکی لیگ سیمی فائنلز کا انعقاد بیلجیئم کے شہر انٹورپ میں ہو رہا ہے، پاکستانی ٹیم مہم کا آغاز پولینڈ کیخلاف مقابلے سے کرے گی۔

قبل ازیں اس نے پریکٹس میچ میں نسبتاً کمزور حریف آئرلینڈ کو1-0 سے شکست دی، واحد گول کپتان محمد عمران نے پنالٹی کارنر پر کیا۔ تفصیلات کے مطابق ہفتے کو شروع ہونے والی ورلڈ ہاکی لیگ کو ریو اولمپکس2016 کے کوالیفائنگ رائونڈ کی بھی حیثیت حاصل ہے، انٹورپ میں شیڈول ایونٹ میں شریک 10 ٹیموں کو 2گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، پاکستان کو اے میں عالمی چیمپئن آسٹریلیا، روایتی حریف بھارت، پولینڈ اور فرانس کا چیلنج درپیش ہو گا' گروپ بی میں برطانیہ، بیلجیئم، ملائیشیا، آئرلینڈ اور چین موجود ہیں۔


گرین کیپس کا ابتدائی روز پولینڈ سے مقابلہ پاکستانی وقت کے مطابق رات11بجے شروع ہوگا،اسی روز دوسرا میچ بھارت اور فرانس کے درمیان کھیلا جائے گا۔ پاکستانی کھلاڑیوں اور آفیشلز نے رمضان المبارک کا دوسرا روزہ بھی رکھا اور افطار سے قبل اسٹیڈیم جا کر بھرپور ٹریننگ کی، پہلے مرحلے میں فٹنس ٹریننگ اور پھر پریکٹس کرائی گئی، ہیڈکوچ کی زیادہ تر توجہ پنالٹی کارنر،گول کیپنگ اوردفاعی شعبوں پر مرکوز رہی، ٹیم مینجمنٹ کا کہنا ہے کہ ورلڈ ہاکی لیگ میں کوئی بھی حریف کمزور نہیں ہے، پولینڈ پر فتح کے لیے ہر کھلاڑی کو بہترین کھیل پیش کرنا ہوگا، پہلا میچ جیتنے کی صورت میں پلیئرز کے حوصلے بلند ہو جائیں گے جس کا فائدہ ایونٹ کے دیگر مقابلوں میں ہوگا۔

دریں اثنا ایونٹ کے آغاز سے قبل گرین شرٹس کو واحد پریکٹس میچ میں نسبتاً کمزور آئرلینڈ نے بھی ٹف ٹائم دیا، اسے فتح کے لیے سخت جدوجہد پڑی،کپتان محمد عمران کا پنالٹی کارنر پر گول فیصلہ کن ثابت ہوا،دونوں ٹیموں کا آغاز دفاعی رہا جس کی وجہ سے ابتدائی 30 منٹ میں کوئی بھی گیند کو جال میں نہ پھینک سکا، تیسرے کوارٹر میں گرین شرٹس نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے عمدہ کھیل پیش کیا اور وہ حریف ٹیم کے خلاف پنالٹی کارنر لینے میں کامیاب ہو گئی، اس کا بھر پور فائدہ کپتان محمد عمران نے اٹھایا اور گیند کو گول پوسٹ میں پھینک کر اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔
Load Next Story