سندھ حکومت کا9ہزار ایکڑ اراضی شہید فوجیوں کے ورثا کو الاٹ کرنے کا فیصلہ

25000 ایکڑ فاریسٹ لینڈمیں سے 5000ایکڑ زمین نجی مالکان کے پاس ہے، صوبائی وزیر

25000 ایکڑ فاریسٹ لینڈمیں سے 5000ایکڑ زمین نجی مالکان کے پاس ہے، صوبائی وزیر۔ فوٹو: فائل

وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے 9000 ایکڑ فاریسٹ لینڈ پاکستان آرمی کے شہید اہلکاروں کے ورثا کو الاٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انھوں نے یہ فیصلہ وزیراعلیٰ ہائوس میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں صوبائی وزیرجنگلات گیان چنداسرانی،چیف سیکریٹری سندھ صدیق میمن،وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری علم الدین بلو، سینئر ممبر بورڈآف رونیوشعیب صدیقی،سیکریٹری خزانہ سہیل راجپوت، سیکریٹری جنگلات سجادعباسی اور دیگرمتعلقہ افسران نے شرکت کی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ پاکستان آرمی نے2001میں گڑھی یاسین ضلع شکارپور میں 35521 ایکڑ فاریسٹ لینڈکی الاٹمنٹ کی درخواست سندھ حکومت کودی تھی اور اس سلسلے میں فائل پرمختلف دفاتر میں کام ہوتا رہا جیساکہ درخواست فاریسٹ لینڈ پاک فوج کے شہداکے خاندانوں کو الاٹ کرنے سے متعلق ہے، لہٰذا چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف نے مذکورہ زمین کی الاٹمنٹ کیلیے ذاتی طور پر کہا تھا۔


صوبائی وزیرجنگلات گیان چنداسرانی نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایاکہ مذکورہ زمین گڑھی یاسین کے گولو ڈیرو کے علاقے میں واقع ہے اس میں سے 5000 ایکڑ زمین بعض بااثرافراد کے غیرقانونی قبضے میں تھی جسے حال ہی میں رینجرزنے خالی کروایا ہے۔ صوبائی وزیرنے مزید کہا کہ 25000 ایکڑ فاریسٹ لینڈمیں سے 5000ایکڑ زمین نجی مالکان کے پاس ہے۔

اس وقت 9000ایکڑ زمین ان کے محکمے کے پاس دستیاب ہے جواگرشہداکے خاندان کوالاٹ کردی جائے توان کے محکمے کو کوئی اعتراض نہیں ہوگا،چیف سیکریٹری سندھ صدیق میمن نے کہاکہ پاک آرمی نے 500 شہدا کے خاندانوں جن میں سے 200 کاتعلق سندھ سے ہے کیلیے زمین کی درخواست کی تھی اورجیساکہ یہ درخواست صحیح ہے لہٰذااس پر عملدر آمد ہونا چاہیے۔

سینئرممبر بورڈآف ریونیوشعیب صدیقی نے کہاکہ پالیسی کے تحت فاریسٹ لینڈ صرف زرعی مقاصدکیلیے الاٹ کی جاسکتی ہے اور پاکستان آرمی نے بھی زرعی مقاصدکیلیے زمین کے استعمال کی درخواست کی لہٰذاحکومت کوزمین کی الاٹمنٹ میں کوئی اعتراض نہیں ہے۔سیکریٹر ی جنگلات سجادعباسی نے کہاکہ پالیسی کے تحت فاریسٹ لینڈکالیزہولڈرالاٹ کردہ مجموعی زمین کے 20 فیصد جنگلات کی کاشت کرنے کاپابندہے جبکہ باقی ماندہ 80 فیصد زمین زرعی مقاصدکیلیے ہوگی۔وزیراعلیٰ سندھ نے اصولی طور پر پاکستان آرمی کوزمین کی الاٹمنٹ کی منظوری دی اورچیف سیکریٹری سندھ کواس سلسلے میں سمری بھیجنے کے ہدایت کی۔

https://www.dailymotion.com/video/x2unf1f_qaim-ali-shah_news
Load Next Story