دوسرے ٹیسٹ میں سری لنکا کی فتح

سری لنکا نے کولمبو ٹیسٹ میں پاکستان کے خلاف 7 وکٹوں سے کامیابی حاصل کر کے تین میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر کردی

تیسرے ٹیسٹ میں اگر پاکستانی کھلاڑیوں نے پوری صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا تو ٹیسٹ سیریز جیتی جا سکتی ہے۔ فوٹو : فائل

QUETTA:
سری لنکا نے کولمبو ٹیسٹ میں پاکستان کے خلاف 7 وکٹوں سے کامیابی حاصل کر کے تین میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر کردی۔ سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی تھی، اب تیسرا ٹیسٹ خاصی اہمیت کا حامل ہو گیا ہے' اس سے سیریز کے فاتح کا فیصلہ ہوگا۔ کولمبو ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں پاکستان نے صرف 138 رنز اسکور کیے تھے، سری لنکا نے پہلی اننگز میں 315 رنز اسکور کیے تھے، دوسری اننگز میں پاکستانی ٹیم کی مزاحمت 329 رنز پر دم توڑ گئی اور اس نے سری لنکا کو جیتنے کے لیے 153 رنز کا ہدف دیا جسے میزبان ٹیم نے کھانے کے وقفے سے قبل ہی حاصل کرلیا۔ دوسرے ٹیسٹ میں پاکستانی بلے بازوں کی کارکردگی ناقص رہی' دوسری اننگز میں افتتاحی بلے باز اظہر علی نے سینچری اسکور کی لیکن دیگر بلے باز غلط اور غیر ذمے دارانہ شارٹ کھیلتے ہوئے آؤٹ ہوئے' یاسر شاہ نے دوسرے ٹیسٹ میں بھی آٹھ وکٹیں لے کر ثابت کیا کہ وہ بہترین لیگ اسپنر ہیں۔


دوسرے ٹیسٹ میں شکست کی بنیادی وجہ پہلی اننگز میں بہت کم اسکور کرنا ہے۔ دوسری اننگز میں بہتر بیٹنگ کی گئی لیکن ٹارگٹ زیادہ نہیں دیا جا سکا۔ احمد شہزاد 69 رنز بنانے کے بعد جس غیر ذمے داری سے آؤٹ ہوئے وہ قابل مذمت ہے۔ پاکستانی پیسر وہاب ریاض کے ان فٹ ہونے سے بھی نقصان ہوا۔ بہر حال سری لنکا کے دورے میں پاکستانی کھلاڑیوں نے قدرے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا ہے۔ کولمبو ٹیسٹ میں اگر بلے باز دوسری اننگز میں ڈھائی پونے تین اسکور کی لیڈ دیتے تو سری لنکا کے کھلاڑیوں کو جلدی آؤٹ کر کے میچ جیتا جا سکتا تھا' اب ساری امیدیں تیسرے ٹیسٹ سے وابستہ ہو گئی ہیں' تیسرے ٹیسٹ میں اگر پاکستانی کھلاڑیوں نے پوری صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا تو ٹیسٹ سیریز جیتی جا سکتی ہے۔
Load Next Story