اسٹیل ملز کو96کروڑمل گئےملازمین کو2ماہ کی تنخواہ جاری

پاکستان اسٹیل موجودہ انتظامیہ کی کاوشوں کی بدولت 6 سے8 ماہ کےدوران27 فیصد پیداوارحاصل کرنےمیں کامیاب ہوا

پاکستان اسٹیل کی موجودہ انتظامیہ کی کاوشوں کی بدولت پاکستان اسٹیل 6 سے8 ماہ کے دوران 27 فیصد پیداوار حاصل کرنے میں کامیاب ہوا۔ فوٹو: فائل

وفاقی وزارت خزانہ نے 96 کروڑ روپے پاکستان اسٹیل کو جاری کر دیے ہیں، اس رقم سے پاکستان اسٹیل کے ملازمین کو مارچ اور اپریل 2015 کی 2 ماہ کی تنخواہیں ادا کرنے کے لیے پے سلپ جاری کر دی گئی ہیں۔


یہ رقم وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے 17جون 2015 کو منظور کی تھی۔ علاوہ ازیں قابل ذکر بات یہ ہے کہ ایک نئے آپریشنل پلان کے تحت پاکستان اسٹیل کی پیداوار کو دسمبر 2015 تک 77 فیصد کی سطح پر لایا جائے گا اور دسمبر 2015 تک اوسط پیداوار 57 فیصد ہو گی، اس سلسلے میں کم سے کم فنڈزکی درخواست وزارت صنعت و پیداوار اور نجکاری کمیشن کے ذریعے وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کو بھیجی جا رہی ہے اور فنڈزکی رقم تنخواہ کے برابر ہی ہو گی۔

پاکستان اسٹیل کی موجودہ انتظامیہ کی کاوشوں کی بدولت پاکستان اسٹیل 6 سے8 ماہ کے دوران 27 فیصد پیداوار حاصل کرنے میں کامیاب ہوا، یہ پیداواری کامیابی گزشتہ 4 سال بعد حاصل ہوئی جبکہ7 جنوری 2015 کو 50 فیصد اور 10 مارچ 2015 کو 65 فیصد پیداوار حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ موجودہ حکومت کی جانب سے اپریل 2014 میں 18 ارب 50کروڑ روپے کے بیل آؤٹ پیکیج سے قبل پلانٹ تقریباً بند تھا جس کو دوبار بحال کر دیا گیااور اس طرح پیداواری عمل جاری ہو سکا۔
Load Next Story