سپر لیگ کی میزبانی پاکستان متبادل آپشنز بھی دیکھنے لگا

معاملات کا جائزہ لینے کیلیے پروجیکٹ ڈائریکٹر سلمان سروررواں ہفتے دوحا جائیں گے

پیٹرسن، کرس گیل اور بریٹ لی کو ایونٹ میں شامل کرنے کیلیے کوشش شروع ہو گئی ۔ فوٹو: فائل

سپر لیگ کی میزبانی کے لیے پاکستان متبادل آپشنز بھی دیکھنے لگا، معاملات کا جائزہ لینے کے لیے پروجیکٹ ڈائریکٹر سلمان سرور بٹ رواں ہفتے قطر کے دارلحکومت دوحا جا رہے ہیں، وہاں کے ویسٹ اینڈ پارک کرکٹ اسٹیڈیم میں میچز کا انعقاد ممکن ہے۔ دوسری

جانب بورڈ نے ایونٹ کے 20 غیرملکی کرکٹرز میں کیون پیٹرسن، کرس گیل اور بریٹ لی کو شامل کرنے کے لیے کوشش شروع کر دی۔ تفصیلات کے مطابق پی سی بی اپنی ٹوئنٹی 20لیگ آئندہ برس فروری میں کرانے کا خواہاں ہے، اس ضمن میں تیاریاں بھی شروع ہو چکی ہیں، میزبانی کے لیے متحدہ عرب امارات کا انتخاب کیا گیا مگر فروری میں شارجہ، ابوظبی اور دبئی کے گراؤنڈز کو سابق کرکٹرز کی ماسٹرز لیگ کے لیے بک کرایا جا چکا ہے، بورڈ کی کوشش ہے کہ فارغ دنوں میں وہیں میچز کرا دیے جائیں مگر ایسا نہ ہونے کی صورت میں متبادل آپشنز پر بھی غور جاری ہے۔


ذرائع نے بتایا کہ پروجیکٹ ڈائریکٹر سلمان سرور بٹ رواں ہفتے قطر کے دارلحکومت دوحا جا رہے ہیں، وہ وہاں گراؤنڈ سمیت مختلف سہولتوں کا جائزہ لیں گے، اگر معاملات طے پا گئے تو ایونٹ کا انعقاد وہاں بھی ممکن ہے۔

یاد رہے دوحا کے ویسٹ اینڈ پارک کرکٹ اسٹیڈیم میں گذشتہ برس پاکستانی ویمنز ٹیم نے جنوبی افریقہ اورآئرلینڈ کے ساتھ ایک ایونٹ میں حصہ لیا تھا،وہاں گذشتہ عرصے ورلڈالیون کا بھی ایک میچ ہو چکا جس میں برائن لارا سمیت کئی اسٹار کرکٹرز شریک ہوئے تھے۔

دریں اثنا پی سی بی نے سپر لیگ کے20 غیرملکی کرکٹرز میں کیون پیٹرسن، کرس گیل اور بریٹ لی کو شامل کرنے کے لیے کوشش شروع کر دیں، ذرائع نے بتایا کہ حکام کی کوشش ہے کہ ایسے پلیئرز سے معاہدے کیے جائیں جنھیں ایکشن میں دیکھنے میں شائقین خاصی دلچسپی رکھتے ہوں، البتہ فروری میں انعقاد کی صورت میں کئی کھلاڑی یو اے ای میں ماسٹرز لیگ کے سبب دستیاب نہ ہو سکیں گے، ویسٹ انڈیز کے سوا دیگر ٹیمیں بھی مصروف ہوں گی، ایسے میں بڑے کھلاڑیوں کا حصول مسئلہ ثابت ہو سکتا ہے۔
Load Next Story