ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں سے11افراد جاں بحق

لئی میں طغیانی،پانی کی سطح بلند ہونے پرراول ڈیم کے اسپیل ویزبھی کھول دیئے گئے،پختونخواکے کئی علاقوں میں جانوربہہ گئے

سیلاب نے جموں میں بھی تباہی مچادی، پانی شہر اور نواحی علاقوں میں داخل ہوگیا۔ فوٹو: فائل

لاہور:
راولپنڈی اسلام آبادسمیت مختلف شہروں میں مون سون کی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے ۔کرک اورکہوٹہ میں چھتیں گرنے سے 5افراد جاں بحق جبکہ نارووال ، شکر گڑھ اورکوٹلی میں 6 افراد سیلابی پانی میں بہہ گئے ۔

خیبر پختونخوا میں کرک کے علاقے بہادر خیل میں مکان کی چھت گرنے سے3 کم عمر بہنیں جاں بحق،ماں سمیت دوافراد زخمی ہوگئے۔کہوٹہ میں بڑوئی کے مقام پرکچا مکان گرنے سے ماں4 سالہ بچے سمیت جاںبحق ہوگئی جبکہ بارشوں سے متعدد کچے مکانات بھی گرگئے۔کوٹلی آزادکشمیر میں دو سگے بھائی ضیافت اور وقار برساتی نالے میں طغیانی آنے سے گاڑی سمیت بہہ گئے جن کی تلاش جاری ہے۔


حالیہ بارشوں سے نارووال کے بر ساتی نالوں نالہ ڈیک اور بئیں میں اونچے درجے کا سیلاب ہے، پانی متعدد دیہاتوں میں داخل ہوگیا اورسیکڑوں ایکڑدھان کی فصل کو نقصان کا خدشہ ہے، سیلابی ریلے میں4 افراد بہہ گئے جن کی تلاش جاری ہے۔ظفروال کے موضع دیولی کے قریب نالہ ڈیک کا حفاظتی بند ٹوٹنے سے30 فٹ کا شگاف پڑگیا جس کے باعث سیلابی پانی درجن سے زائد دیہاتوں میں داخل ہو گیا۔نالہ بئیں میں سیلابی پانی سے تحصیل شکرگڑھ کے متعدد دیہات زیر آب آگئے ہیں، مدن بھگا کا طالبعلم عبداللہ سیلابی پانی میں بہہ گیا۔

ہیڈ مرالہ اور ملتان کے مقام پردریائے چناب میں درمیانے درجے کاسیلاب ہے جبکہ پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔اسلام آبادکے راول ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہونے پر سپل ویزکھول دیئے گئے، راولپنڈی کے نالہ لئی میں گوالمنڈی کے مقام پر پانی کی سطح 7فٹ تک بلند ہوگئی،کوٹ ادومیں تونسہ بیراج کے مقام پر دریائے سندھ کے کٹاؤ نے تباہی مچا دی ہے، کئی خاندان بے گھر ہوگئے۔ سیلاب نے جموں میں بھی تباہی مچادی، پانی شہر اور نواحی علاقوں میں داخل ہوگیا۔
Load Next Story