قومی ہاکی کھلاڑیوں کی خالی جیبیں بھر گئیں

پی ایس بی نے ایشین گیمزرنرز اپ ٹیم کے ہر رکن کو7لاکھ روپے کی ادائیگی کر دی

پی ایس بی نے ایشین گیمزرنرز اپ ٹیم کے ہر رکن کو7لاکھ روپے کی ادائیگی کر دی فوٹو : فائل

MIRPUR:
مشکلات سے دوچار قومی ہاکی کھلاڑیوں کی خالی جیبیں بھر گئیں،پی ایس بی نے ایشین گیمزرنرز اپ ٹیم کے ہر رکن کو7لاکھ روپے کی ادائیگی کر دی۔

گذشتہ برس جنوربی کوریا میں منعقدہ ایونٹ میں ٹیم فائنل میں روایتی حریف بھارت کے ہاتھوں ایک گول سے شکست کا شکار ہو گئی تھی،جس سے نہ صرف اعزاز کے دفاع سے محروم ہوئی بلکہ اولمپکس 2016 کیلیے براہ راست کوالیفائی کرنے کا موقع بھی گنوا دیا، اس کے بعد ورلڈ ہاکی لیگ کے ذریعے میگا ایونٹ تک رسائی کا چانس ملا لیکن پلیئرز نے انتہائی ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کیا، ٹیم پولینڈ کیخلاف واحد فتح سے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی لیکن وہاں انگلینڈ نے ہرادیا۔


پھر کھلاڑیوں کے ہاتھ پاؤں ایسے پھولے کہ وہ فتح کو ہی بھول گئے، کمزور آئرلینڈ اور فرانس کے ہاتھوں بھی عبرتناک شکست نے10 ملکی ایونٹ میں 8 ویں پوزیشن دلائی، اس ناکامی کے بعد ملک میں ٹیم کی کارکردگی کے حوالے سے 2 تحقیقاتی کمیٹیزکام کررہی ہیں،ایک وزیر اعظم کے حکم پر آئی پی سی نے بنائی اور دوسری پی ایچ ایف نے قائم کی، دونوں کی کارروائی جاری تھی کہ اچانک اسپورٹس بورڈ نے ایشین گیمز میں ٹیم کی قدرے بہتر کارکردگی کو سراہتے ہوئے ہر کھلاڑی کے اکاؤنٹ میں سات لاکھ روپے کی رقم منتقل کر دی۔

عیدالطفر سے پہلے لاکھوں روپے کی رقم میسر آنے سے پلیئرز میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، ان کا کہنا ہے کہ وہ گذشتہ تین ٹورزکے یومیہ الاؤنس نہ ملنے کی وجہ سے شدید مالی مشکلات کا شکار تھے، حکومت کی طرف سے ملنے والی انعامی رقم کی بیحد خوشی ہے، امید ہے کہ ایشین گیمز کی طرح چیمپئنز ٹرافی کی انعامی رقم بھی جلد مل جائے گی۔
Load Next Story