آسٹریلیا نے پاکستان کو ٹیکس اصلاحات میں مدد کی پیشکش کر دی

وزارت خارجہ نے آسٹریلین پیشکش پر وزارت خزانہ اور ایف بی آر سے جواب مانگ لیا

وزارت خارجہ نے آسٹریلین پیشکش پر وزارت خزانہ اور ایف بی آر سے جواب مانگ لیا فوٹو: فائل

آسٹریلیا نے ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے،ٹیکس وصولیوں اور ٹیکس ٹو جی ڈی پی کی شرح بڑھانے کیلیے پاکستان کو ٹیکس اصلاحات کیلیے پائلٹ پروجیکٹ کی پیشکش کردی ہے۔ وزارت خارجہ نے آسٹریلین پیشکش پر وزارت خزانہ اور ایف بی آر سے جواب مانگ لیا ہے۔

اس ضمن میں ''ایکسپریس'' کو دستیاب دستاویز کے مطابق وزارت خارجہ نے آسٹریلیا کی جانب سے پاکستان کو ٹیکس اصلاحات کے پائلٹ پروجیکٹ کے لیے امداد فراہم کرنے کی پیشکش کے حوالے سے وزارت خزانہ اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو تحریری طور پر آگاہ کردیا ہے۔


اس ضمن میں وزارت خارجہ کی جانب سے لکھے جانے والے لیٹر میں کہا گیا ہے کہ کینبرا میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر کی حال ہی میںآسٹریلین وزیر خارجہ سے ملاقات ہوئی ہے اور اس ملاقات کے دوران آسٹریلین وزیر خارجہ نے پاکستان میں ٹیکس اصلاحات کے اقدامات کے حوالے سے پائلٹ پروجیکٹ کی پیشکش کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں ٹیکس وصولیاں بڑھانے کیلیے ملک میں ٹیکس وصولیوں میں اصلاحات لانے کیلیے آسٹریلیا اقدامات کیلیے حکومت پاکستان کی مدد فراہم کرنے کو تیار ہے اور ٹیکس اصلاحات کے پائلٹ پروجیکٹ کیلیے تمام تر امداد آسٹریلیا کی جانب سے فراہم کی جائیگی۔

دستاویز کے مطابق وزارت خارجہ کی جانب سے وزارت خزانہ اور ایف بی آر سے کہا گیا ہے کہ آسٹریلیا کی جانب سے کی جانے والی پیشکش کا جائزہ لے کر اس بارے میں تفصیلی جواب تیار کرکے و زارت خارجہ کو بھجوائے تاکہ اس بارے میں آسٹریلوی حکام کو سفارتی ذرائع سے جواب بھجوایا جاسکے اور اس بارے میں کوئی پیش رفت ہوسکے۔
Load Next Story