گلی اورسڑک پرکچرا پھینکنے والوں کے چالان کرنے کا فیصلہ

سٹی وارڈنز سینئرڈائریکٹرمیونسپل سروسزکے ماتحت ہوں گے، ایدمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ

لینڈ فل سائٹ پر کچرا نہ پھینکنے والی گاڑیوں کا ڈیزل بندکردیا جائیگا، شعیب صدیقی فوٹو: فائل

ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ کراچی شعیب احمد صدیقی نے کچرا گلیوں اور سڑکوں پر پھینکنے والے تجارتی اور رہائشی یونٹس کے خلاف چالان کرنے کا حکم دے دیا۔

ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ کراچی شعیب احمد صدیقی نے کہا ہے کہ یوٹیلٹی چارجز ریکوری کی تمام رقم شہر میں یوٹیلٹی سروسز کی درستگی کے لیے استعمال میں لائی جائے گی۔ شہر کے تمام نالوں کی صفائی کی ذمے داری میونسپل سروسز ڈپارٹمنٹ کی ہے، سٹی وارڈن کو سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز کے ماتحت کردیا گیا ہے، لینڈ فل سائٹس سے روزانہ رپورٹ منگوائی جائے کہ کس ڈی ایم سی سے کتنا کچرا لینڈ فل سائٹ تک پہنچتا ہے جس ڈی ایم سی کی گاڑیاں لینڈ فل سائٹ تک کچرا نہیں پہنچائیں گی ان کا ڈیزل بند کردیا جائے گا۔


ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ یوٹیلیٹی سروسز چارجز شہریوں کو بہتر سہولتوں کی فراہمی اور یوٹیلیٹی سروسز کی مرمت و دیکھ بھال کے لیے لگائے گئے تھے تاہم یہ ریونیو یوٹیلیٹی سروسز پر خرچ نہیں ہو رہے لہٰذا اس مد میں ہونے والی ریکوری کا علیحدہ اکاؤنٹ کھولا جائے گا جس میں سے تمام رقم یوٹیلیٹی سروسز کی درستگی پر خرچ ہوگی۔

انھوں نے میونسپل سروسز کے سینئر ڈائریکٹر کو ہدایت کی کہ کچرا گلیوں اور سڑکوں پر پھینکنے والے تجارتی اور رہائشی یونٹس کے خلاف چالان کیا جائے شہریوں کو کچرا کچرا کنڈی تک پہنچانا چاہیے جو اسپتال رجسٹرڈ نہیں ہیں ان کی رجسٹریشن کی جائے تاکہ اسپتال کے فضلے کو سائنسی طریقے سے اٹھایا جائے۔
Load Next Story