پروٹیز کی گولہ باری کے باوجود ٹائیگرز کی فائٹ جاری

دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز 8 وکٹ پر 246 رنز بنالیے، اسٹین اور ڈومنی کے 3، 3 شکار

پہلے دن کے کھیل کا اختتام ہوا تو ناصر حسین 13 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے. فوٹو : اے ایف پی

دوسرے ٹیسٹ میں پروٹیز کی گولہ باری کے باوجود بنگال ٹائیگرز کی جانب سے بھرپور فائٹ جاری ہے، پہلے دن کے اختتام تک 8 وکٹ پر 246 رنز بنالیے، کپتان مشفیق الرحیم 65 اور مومن الحق 40 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، ڈیل اسٹین اورپال ڈومنی نے تین تین وکٹیں لیں۔

تفصیلات کے مطابق دوسرے ٹیسٹ کے ابتدائی روز بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر موزوں کنڈیشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے پہلے بیٹنگ شروع کی مگر پانچویںہی اوور میں اوپنر تمیم اقبال کی جدائی برداشت کرنا پڑی جوکہ 6 رنز پر ڈیل اسٹین کی 400 ویں ٹیسٹ وکٹ بن گئے، ان کا کیچ آملا نے تھاما۔ مومن الحق 40 رنز پر ڈومنی کی گیند پر وکٹ کیپر ولاس کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ امرالقیس کی ہمت 30 رنز بناکر ہی جواب دے گئی۔


ڈومنی نے انھیں ایل بی ڈبلیو کیا۔ اس موقع پر مشفیق الرحیم اور محمود اللہ کے درمیان چوتھی وکٹ کیلیے 94 رنز کی شراکت نے ٹوٹل کو 180 رنز پر پہنچایا، محمود اللہ 35 رنز بناکر ڈیل اسٹین کا شکار بن گئے، کیچ باووما کے ہاتھوں میں محفوظ ہوا۔ مشفیق نے 125 بالز کا سامنا کرتے ہوئے 7 چوکوں کی مدد سے 65 رنز بنائے، وہ آخری سیشن میں ایلجر کی گیند پر کاٹ بی ہائنڈ ہوگئے۔

لٹن داس کو تین کے انفرادی اسکور پر ڈومنی نے ایلجر کی مدد سے قابو کیا۔ شکیب الحسن توقعات اور ذمہ داری کے بوجھ کو زیادہ دیر تک نہیں جھیل پائے اور 35 رنز پر مورکل کو اپنی وکٹ عطیہ کردی، کیچ تھامنے والے ہاتھ ایلجر کے تھے۔ محمد شاہد صرف ایک رن بناکر ڈیل اسٹین کی دن کی تیسری وکٹ بن گئے، جب پہلے دن کے کھیل کا اختتام ہوا تو ناصر حسین 13 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔ اسٹین اور ڈومنی دونوں نے تین تین وکٹیں لیں۔
Load Next Story