محکمہ آبپاشی میں کرپشن کی شکایات سامنے آئی ہیں قائم علی شاہ

سندھ میں پانی کی منصفانہ تقسیم اور بہتر کارکردگی یقینی بنائی جائے، اجلاس میں ہدایات

کراچی: وزیر اعلیٰ قائم علی شاہ سے بھارتی ہائی کمشنر سبھر وال ملاقات کررہے ہیں۔ فوٹو: اے پی پی

وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ محکمہ آبپاشی کیخلاف عوام اور منتخب نمائندوں نے شکایات کی ہیں بدعنوانی بھی نوٹس میں آئی ہے جسے ٹھوس اقدامات کے ذریعے جڑ سے اکھاڑا جائیگا۔


بدھ کو محکمے سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انھوں نے ہدایت کی کہ پانی کی منصفانہ تقسیم ہونی چاہیے تاکہ زیادہ سے زیادہ زرعی پیداوار حاصل کی جاسکے۔ انھوں نے کہا کہ کارکردگی کو بہتر کیا جائے۔اجلاس کو سیکریٹری آبپاشی بابرآفندی نے سیلاب سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بلوچستان سمیت 6 اضلاع جیکب آباد ، شکارپور ، کشمور ، لاڑکانہ ، قمبر شہداد کوٹ میں 21627 مربع کلو میٹر رقبہ متاثر ہوا۔

انھوں نے کہا کہ سندھ میں کوہستان ریجن ، ننگر پارکر اور ابن شاہ کے پہاڑی علاقے میں چھوٹے ڈیموں کی تعمیر سے بارشوں اور سیلاب کے پانی کو جمع کیا جاسکتا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ اسمال ڈیمز آرگنائزیشن نے سات فزیبلٹی اسٹیڈیز کا آغاز کیا جن میں سے چار فزیبلٹی اسکیمز مکمل ہو چکی ہیں ۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سندھ سے بھارتی ہائی کمشنر شرات سبھروال اور برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر فرانسس کیمپ بل نے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
Load Next Story