اچھا اقدام

پاکستان میں بدعنوانی، بے ضابطگی اور اقربا پروری کے کلچر نے ملک کو بہت نقصان پہنچایا ہے۔

ملک کو ترقی دینے کے لیے ضروری ہے کہ بدعنوانی اور بے ضابطگی کا خاتمہ ہو۔ فوٹو: فائل

قومی احتساب بیورو (نیب) پنجاب نے 80 ملین یا آٹھ کروڑ روپے سے زائد کا فراڈ کرنے کے الزام میں پیپلز پارٹی پنجاب کے سابق صدر اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سابق سربراہ قاسم ضیاء کو ساتھی سمیت گرفتار کر لیا۔ گرفتاری کے بعد انھیں احتساب عدالت میں پیش کیا گیا، عدالت نے انھیں 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب حکام کے حوالے کر دیا۔ یہاں یہ امر بطور خاص قابل ذکر ہے کہ نیب پنجاب نے 13 سال بعد کسی سیاست دان کو پنجاب سے گرفتار کیا ہے۔ اگر چہ یہ بھی کہا جاتا ہے کہ قاسم ضیاء خود اس معاملے میں ملوث نہیں ہیں بلکہ اس معاملے کا اصل ذمے دار بیرون ملک فرار ہوچکا ہے تاہم نیب کی طرف سے ایک با اثر شخصیت پر ہاتھ ڈالنا ایک بہت قابل ستائش عمل ہے۔ اگر وہ تحقیقات میں بے گناہ ثابت ہوتے ہیں تو انھیں باعزت بری کیا جاسکتا ہے۔


پاکستان میں بدعنوانی' بے ضابطگی اور اقربا پروری کے کلچر نے ملک کو بہت نقصان پہنچایا ہے' وطن عزیز کی بدحالی کی بڑی وجہ یہ ہے کہ بااثر اور طاقتور طبقات کو قانون کی گرفت میں لانا بہت مشکل کام ہے تاہم یہ امر خوش آیند ہے کہ بدعنوانی اور بے ضابطگیوں میں ملوث افراد کے خلاف بھی قانونی کارروائی ہو رہی ہے اور کئی اہم افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے' گزشتہ دنوں دو فوجی افسروں کو بھی سزا ہوئی ہے تاہم اس معاملے میں اس پہلو کو بھی مدنظر رکھا جانا چاہیے کہ کسی کے ساتھ زیادتی نہ ہو اور ہر معاملے میں قانون کے تقاضوں کو مدنظر رکھا جائے تا کہ کسی کو کوئی شکایات پیدا نہ ہو۔ ملک کو ترقی دینے کے لیے ضروری ہے کہ بدعنوانی اور بے ضابطگی کا خاتمہ ہو۔
Load Next Story