ذوالفقار آباد آئل ٹینکر ٹرمینل شہر کا اہم منصوبہ ہے

ٹرمینل کے فیز I کو 313 ملین روپے سے مکمل کیا جا رہا ہے، محمد حسین سید

محمد حسین سید نے کہا کہ آئل ٹینکرز ٹرمینل کی تعمیر کراچی کے شہریوں کا دیرینہ مطالبہ تھا جسے پورا کیا جارہا ہے. فوٹو: فائل

بلدیہ عظمیٰ کے ایڈمنسٹریٹر محمد حسین سید نے کہا ہے کہ ذوالفقار آباد آئل ٹینکرز ٹرمینل کی تعمیر شہر کراچی کا ایک اہم ترین منصوبہ ہے جسے مقررہ وقت میں مکمل کرلیا جائے گا۔


اس ٹرمینل کے فیز I کو 313 ملین روپے کی لاگت سے مکمل کیا جا رہا ہے،313 ملین روپے میں سے 156.77 ملین (50 فیصد) حکومت سندھ، 47.03 ملین KMC (15 فیصد)، 62.71 ملین آئل مارکیٹنگ کمپنیز (بیس فیصد)، پٹرولیم مصنوعات کے علاوہ استعمال آئل ٹینکرز 31.35 ملین (دس فیصد) اور وفاقی وزارت پیٹرولیم 15.68 ملین (پانچ فیصد) رقم مہیا کررہی ہے جبکہ فیزII کی تعمیر کے لئے 700 ملین روپے کے فنڈز درکار ہوں گے جس کے لیے حکومت سندھ سے درخواست کی جائے گی، یہ بات انھوں نے ذوالفقار آباد آئل ٹینکرز ٹرمینل کے تعمیراتی کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر ڈائریکٹر ٹیکنیکل سروسز الطاف جی میمن اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے کہا کہ آئل ٹینکرز ٹرمینل کی تعمیر کراچی کے شہریوں کا دیرینہ مطالبہ تھا جسے پورا کیا جارہا ہے جس کے بعد شہر کی سڑکوں پر چلنے والی بھاری ٹریفک میں کمی ہوگی اور ٹریفک کی روانی میں بہتری آئے گی، انھوں نے کہا کہ آئل ٹینکرز ٹرمینل پر ترقیاتی کام کی رفتار اطمینان بخش ہے اور تو قع ہے کہ یہ منصوبہ اپنے مقررہ وقت میں مکمل ہو جائے گا، انھوں نے کہا کہ عوامی مفاد کے ساتھ ساتھ اس ٹرمینل کی تعمیر سے ماحولیاتی آلودگی با لخصوص سمندر کے قریب بڑی تعداد میں آئل ٹینکرز کی پارکنگ جیسے مسائل کا تدارک ہوسکے گا۔
Load Next Story