پیپلز پارٹی کی تاریخ قربانیوں سے بھری پڑی ہے فیاض شاہ

18 اکتوبر2007کو بے گناہ شہریوںکو نشانہ بنایا گیا،سانحہ کارساز کے شہدا کی برسی پر خطاب

پیپلز پارٹی حیدرآباد کے تحت سانحہ کارساز کے شہدا کے لیے فاتحہ خوانی کی جارہی ہے۔ فوٹو : شاہد علی / ایکسپریس

پیپلز پارٹی حیدرآباد کے تحت سانحہ کار ساز کراچی کے شہداء کی برسی بنائی گئی اور جمہوریت کی بقا کیلیے اپنی جان و مال کا نذرانہ دینے والے کارکنان کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔


اس موقع پر شہید کارکنان کے ایصال ثواب کیلیے قرآن خوانی کا اہتمام کیاگیا، بعد ازاں اجتماعی دعا کی گئی۔ برسی کی تقریب میں پی پی حیدرآبادکے ضلعی جنرل سیکریٹری فیاض شاہ سمیت پی پی کے رہنماء روشن سولنگی، اقبال سومرو، لالا رضوان مغل، آفتاب احمد خانزادہ، نور النساء ابڑو، شبانہ خان، زاہدہ میمن، سکندر حیات، رجب خاصخیلی اور دیگر کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ فیاض شاہ نے خطاب کرتے ہوئے سانحہ کارساز کے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ پی پی کی تاریخ ملک میں جمہوریت کی بقا کے لیے قربانیوں سے بھری ہوئی ہے۔

پیپلز پارٹی پی ایس 47 قاسم آبادکے تحت بھی سانحہ کارساز کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلیے ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی پرویز احمد انصاری ، پی پی پی ضلع حیدرآباد کے نائب صدرجام خان شورو نے خصوصی شرکت کی ۔ انھوں نے کہا کہ 300 سے زائد کارکنان کی قربانی کی بدولت آج ملک میں جمہوریت قائم ہے۔ پی پی کو ختم کرنیوالے خود ختم ہو جائیں گے لیکن پی پی پی قائم رہے گی ۔ پیپلز لیبر بیورو ادارہ ترقیات حیدرآباد کے تحت بھی شہداء سانحہ کارساز کی یاد میں دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں لیبر بیورو کے رہنماؤں سمیت ملازمین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
Load Next Story