کنیریا کومدعوکرنا کے سی سی اے کے گلے پڑگیا

کمشنر کراچی کپ کی افتتاحی تقریب میں اسپنر کی موجودگی پر تادیبی کارروائی کا امکان

کمشنر کراچی کپ کی افتتاحی تقریب میں اسپنر کی موجودگی پر تادیبی کارروائی کا امکان ۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
ڈومیسٹک کرکٹ کے نئے فارمیٹ کے معاملے پر پی سی بی سے تنازع کا شکار کے سی سی اے مزید مشکل میں پھنس گئی۔

تاحیات پابندی سے دوچار سابق ٹیسٹ اسپنر دانش کنیریا کو نیشنل اسٹیڈیم میں منعقدہ کمشنرکراچی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب میں مدعو کرنے پرکارروائی کا امکان،کے سی سی اے نے غلطی تسلیم کرلی۔ تفصیلات کے مطابق کے سی سی اے کے زیر اہتمام اتوار کو نیشنل اسٹیڈیم میں کمشنر کراچی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 2015 کی افتتاحی تقریب میں دانش کنیریا بھی پہنچ گئے۔


کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی کے سی سی اے کے صدر پروفیسر اعجا ز احمد فاروقی کی زیر صدارت اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ پی سی بی کے مشیر و سابق چیف سلیکٹر صلاح الدین صلو، قومی کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان سرفراز احمد، ٹیسٹ کرکٹرز اسد شفیق، خرم منظور اور انور علی سمیت دیگر بھی تقریب میں شریک ہوئے، کے سی سی اے کے ترجمان جمیل احمدکاکہنا ہے کہ اس ضمن میں ہم سے غلطی ہوئی ۔

جسے ہم تسلیم کرتے ہیں،اس کی حساسیت کا اندازہ نہیں تھا،آئندہ ہماری کوشش ہوگی کہ ایسے معاملات میں احتیاط برتیں جبکہ مستقبل میں پی سی بی کے ضابطہ اخلاق کی پاسداری کی جائے گی، لیکین درحقیقت دانش کنیریا کے سی سی اے کے کسی بھی کلب کے رجسٹرڈ کھلاڑی نہیں، علاوہ ازیں بورڈ نے دانش کنیریا کے حوالے سے ہمیں کبھی تحریری طور پر مطلع نہیں کیا۔

دوسری جانب کے سی سی اے کے صدر اور پی سی بی کے رکن گورننگ بورڈ پروفیسر اعجاز احمد فاروقی نے ایک ٹی وی انٹرویو میں موقف اختیار کیا کہ دانش کنیریا کرکٹ کھیلنے کے لیے نہیں آئے تھے، ان کو تقریب میں بطورمہمان مدعوکیاگیا تھا، دریں اثنا رابطے پر پی سی بی کے ترجمان امجد بھٹی نے کہاکہ فی الوقت اس ضمن میں کچھ نہیں کہا جاسکتا، ابھی معاملے کا جائزہ لیا جارہا ہے، تفصیلات سامنے آنے پر موقف پیش کردیا جائے گا۔
Load Next Story