کنیریا کاکیا بنے گا

اگر اپنی بے گناہی کا کوئی ثبوت نہیں ہے تو دانش کیلیے خاموشی سے ایک طرف ہو کر بیٹھنا ہی مناسب ہو گا

اگر اپنی بے گناہی کا کوئی ثبوت نہیں ہے تو دانش کیلیے خاموشی سے ایک طرف ہو کر بیٹھنا ہی مناسب ہو گا۔ فوٹو: فائل

''یہ دانش کنیریاکیسا انسان ہے''

ایک دن محترم ایڈیٹر طاہر نجمی صاحب نے دفتر میں مجھ سے پوچھا تو میں نے اپنے خیالات کا اظہارکر دیا، پھر میں نے ان سے کہا کہ ''سر خیریت آپ کیوں پوچھ رہے ہیں'' تو انھوں نے بات ٹال دی، یہ بات ماضی کا حصہ بن گئی، کچھ عرصے بعد ایک روز ڈنر کرتے ہوئے میں نے ان سے دوبارہ استفسار کیا تو وہ مسکراتے ہوئے کہنے لگے ''بھئی وہ ہمیں نوٹس بھیجنے کا کہہ رہا تھا اسے آپ کی بنائی ہوئی ایک سرخی پسند نہیں آئی تھی، میں نے اس سے کہا کہ جوکرنا چاہتے ہو ضرور کرو، بھئی ہم جو کام کرتے ہیں اس میں ایسی دھمکیاں معمول کی بات ہیں اس لیے میں نے آپ سے ذکر نہیں کیا تھا''۔

ایسی ہی ایک دھمکی ایک اور کرکٹر براہ راست مجھے بھی دے چکے تھے جو فکسنگ کے الزامات سے بال بال بچ تو گئے مگر خراب کارکردگی نے ٹیم سے باہر کر دیا، اب تو بورڈ بھی بات بات پر صحافیوں سے کہتا ہے کہ ہمارے خلاف خبر دی تو لیگل ڈپارٹمنٹ تیار بیٹھا ہے ہوشیار ہو جائو،اگر آپ کسی کے حامی ہیں تو ٹھیک ورنہ سوشل میڈیا پر الٹی سیدھی خبریں پھیلائی جاتی اور بعض لوگ دبائو میں لینے کیلیے باسز سے شکایات تک کرتے ہیں۔

اس سے اندازہ لگا لیں کہ ایک صحافی پر فرائض انجام دیتے وقت کیسے کیسے دبائو پڑتے ہیں، خیر بات کنیریا کی ہو رہی تھی ان دنوں اسپنر پر تازہ تازہ فکسنگ الزامات عائد ہوئے تھے اورانھیں اس حوالے سے خبریں پسند نہیں آ رہی تھیں، اب وہ تاحیات پابندی کا شکار اورشاندار کیریئر کو داغ لگا کر کنارے سے لگے ہوئے ہیں،وقت نے ثابت کر دیا کہ کون صحیح تھا اور کون غلط، انتہائی افسوس کی بات یہ ہے کہ وہ کرکٹر جس نے پاکستان کو کئی میچز جتوائے اور261 ٹیسٹ وکٹیں حاصل کیں آج انتہائی مشکلات کا شکار ہے، جس کا آٹوگراف لینے کیلیے لوگ بھاگ دوڑ کرتے تھے وہ اب عدالتی پیپرز پر ہی دستخط کرنے پر مجبور ہے۔


جس کے ساتھ تصویر کھنچوانا ہر شائق کا خواب ہوتا تھا وہ اب ماضی کی تصویریں دیکھ کر افسوس ہی کرتا ہوگا، ایک زمانہ تھا جب لوگ دانش کو تقاریب میں بلانا اعزاز سمجھتے تھے، مگر اب تو یہ جرم بن چکا،کے سی سی اے سے بھی یہی غلطی ہو گئی، اس نے دانش کنیریا کو ایک ٹورنامنٹ کی تقریب میں بلا لیا بس پھر تو طوفان برپا ہو گیا،اب شوکاز نوٹس تک بات پہنچ چکی، آئی سی سی نے بھی واقعے پر تشویش ظاہر کی، یہ تمام کرکٹرز کیلیے لمحہ فکریہ ہے، انھیں ہر قدم پھونک پھونک کر اٹھانا چاہیے،ایک غلطی سب کیے کرائے پر پانی پھیر سکتی ہے، کنیریا اب تک یہ تسلیم کرنے کو تیار نہیں کہ انھوں نے کوئی غلط کام کیا تھا، چلیں مان لیتے ہیں کہ پورا برطانیہ غلط ہے، ان کے میڈیا نے بے بنیاد خبریں شائع کیں۔

ایسیکس کائونٹی کے ساتھیوں نے جھوٹے بیانات دیے، مرون ویسٹ فیلڈ جھوٹی باتیں کر کے جیل چلا گیا، انگلش بورڈ نے بھی بغیر ثبوت کے ان پر تاحیات پابندی لگا دی، مگر آخر یہ سب ایک ساتھ دانش کنیریا کیخلاف کیوں ہو گئے، اس ''بین الاقوامی'' سازش کی وجہ کیا تھی؟ یہ راز تو وہ کھول دیں، سلمان بٹ اور محمد آصف کو سچائی بیان کرنے میں ساڑھے چار سال لگے، نجانے دانش کب ایسا کریں گے، انھیں چاہیے کہ ایک بار میڈیا میں سامنے آ کر سب کچھ بتائیں کہ کیوں ان کے ساتھ ایسا ہوا، کائونٹی کے ساتھیوں نے یہ کیوں کہا کہ وہ انھیں فکسنگ پر اکسا رہے تھے، بھارتی بکی انو بھٹ کے ساتھ ان کا کیا تعلق تھا، انھوں نے پہلے اپنے مذہب کو بنیاد بنا کر ہمدردیاں سمیٹنا چاہیں پھر جب ناکام رہے تو معافی مانگ لی۔

اب وہ ''کراچی کارڈ'' استعمال کر رہے ہیں، کے سی سی اے اور پی سی بی کے تعلقات ویسے ہی انتہائی کشیدہ ہیں اب اور ہو جائیں گے،کنیریا کی مشکلات تو کم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہیں، انگلش بورڈ نے ان کیخلاف کراچی میں مقدمہ دائر کر کے کیس پر خرچ ہونے والی رقم واپس مانگی ہے، اگر اسپنر ہار گئے تو انھیں جائیداد تک فروخت کرنا پڑ سکتی ہے، انھیں پی سی بی سے شکوہ ہے کہ وہ ان کی مدد نہیں کر رہا مگر جب تک وہ کسی کو اعتماد میں نہیں لیں گے کوئی کیسے کام آ سکے گا،پاکستانی بڑے وسیع دل کے حامل لوگ ہیں، یہاں تو سلمان بٹ کا لاہور میں پریکٹس کیلیے جانے پر ایسا استقبال ہوا جیسے وہ فکسنگ کی سزا کاٹ کر نہیں بلکہ ملک کیلیے کوئی میڈل جیت کر آیا ہو، عامر جس نے رقم کے عوض جان بوجھ کر نو بال کی اسے ٹیم میں واپس لانے کیلیے بڑے بڑے لوگ ایڑی چوٹی کا زور لگا رہے ہیں، میں یہ نہیں کہتا کہ دانش بھی گناہ گار ہیں ۔

ہو سکتا ہے کہ وہ معصوم ہوں مگر اسے ثابت تو کریں، ہر کسی کو برا بھلا کہنے سے کچھ حاصل نہیں ہو گا انھیں پی سی بی کو اپنی بے گناہی کا ثبوت دینا ہوگا، مجھے نہیں لگتا کہ وہ بورڈ جو عامر کی واپسی کیلیے آئی سی سی سے منتیں کرتا رہا وہ کنیریا کی کوئی مدد نہیں کرے گا، مگر اس کیلیے ضروری ہے کہ سچ بولا جائے، ایک بار چیئرمین شہریارخان سے ملاقات کا وقت لیں، اپنے تمام ثبوت ساتھ رکھیں اور انھیں قائل کریں کہ کچھ غلط نہیں کیا، وہ اچھے انسان ہیں ضرور مدد کریں گے۔

اور اگر اپنی بے گناہی کا کوئی ثبوت نہیں ہے تو دانش کیلیے خاموشی سے ایک طرف ہو کر بیٹھنا ہی مناسب ہو گا، میں نے ان کے عروج کا دور دیکھا ہے جب وہ شان سے سن گلاسز لگا کر ٹیم ہوٹل میں داخل ہوتے تو آٹوگراف و فوٹوگراف کے خواہشمندوں کی لائن لگ جاتی تھی، اب انھیں دیکھ کر کرکٹ سے وابستہ لوگ بھی سائیڈ پر ہو جاتے ہیں کہ کسی میڈیا والے نے دیکھ لیا تو مصیبت ہو جائے گی، پاکستانی تاریخ کے چند بہترین لیگ اسپنرز میں شامل دانش کنیریا کو اس حال میں دیکھنا قطعی اچھا نہیں لگتا،اگر وہ بے گناہ ہیں تو ان کے ساتھ انصاف ہونا چاہیے، ابھی تو اسپنر کیلیے حالات مزید بگڑتے نظر آ رہے ہیں دیکھتے ہیں آگے کیا ہوگا۔
Load Next Story