بنگلہ دیش لیگپلیئرز پر عقابی نگاہیں رکھی جائیں گی

کرپشن سے پاک رکھنے کیلیے آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ بھی سرگرم رہے گا

کرپشن سے پاک رکھنے کیلیے آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ بھی سرگرم رہے گا فوٹو: اے ایف پی

بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں پلیئرز عقابی نگاہوں میں رہیں گے، منتظمین نے ایونٹ کو کرپشن سے پاک رکھنے کیلیے ملکی اورآئی سی سی اینٹی کرپشن اینڈ سیکیورٹی یونٹ کو ہر معاملے میں ساتھ رکھنے کا فیصلہ کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق بی پی ایل ایک سالہ وقفے کے بعد نومبر میں منعقد کی جائے گی، ماضی کے تلخ تجربات کو دیکھتے ہوئے اس مرتبہ بنگلہ دیشی حکام نے ایونٹ کو سٹے بازوں اور کرپشن سے بچانے کیلیے کمر کس لی ہے، گورننگ کونسل کے چیئرمین افضل الرحمان سنہانے کہاکہ ٹوئنٹی20 لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں پلیئرز پر عقابی نگاہیں رکھی جائیں گی۔


اس مقصد کیلیے ملکی اینٹی کرپشن باڈی کے ساتھ آئی سی سی سے مدد لی جائے گی،اس کا اینٹی کرپشن اینڈ سیکیورٹی یونٹ بھی ہماری معاونت کرے گا، انھوں نے بتایا کہ بورڈ کے طے کردہ وقت میں لیگ میں شامل 2 پرانی فرنچائزز رنگپور رائیڈرز اور سلہٹ رائلز نے واجبات ادا کرکے نئے سیزن میں جگہ محفوظ کرلی، سلہٹ نے بورڈ کو مطلوبہ ایک کروڑ ٹکا پے آرڈر کی صورت میں ادا کرنے کے ساتھ اتنی ہی رقم کی بینک گارنٹی دی ہے۔

اس ضمن میں باقی 3.5 کروڑ انھیں 30 اگست تک دینا ہوں گے، سنہا نے مزید کہا کہ دیگر چار ڈیفالٹرز فرنچائز نے کوئی مثبت جواب نہیں دیا ، چیئرمین نے واجبات کی قسطوں میں ادائیگی کو خارج ازامکان قراردیا، اس کا مطالبہ بریسال برنرز فرنچائز کی جانب سے سامنے آیا تھا، انھوں نے فرنچائز کا نام لیے بغیر کہا کہ کچھ لوگ ایسا چاہتے ہیں لیکن ہمارا ان سے سوال ہے کہ وہ گذشتہ 2 برسوں میں رقم ادا نہیں کرپائے، اب ہم ان پر کیسے بھروسہ کرلیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ پرانی فرنچائزز کو نئے سیزن میں ٹیمیں سونپنے کا حتمی فیصلہ بی سی بی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کریں گے، نئی فرنچائزز کیلیے تاحال 11 کمپنیزکی جانب سے دلچسپی ظاہر کی گئی ہے، واضح رہے کہ بی سی بی نے تمام دلچسپی رکھنے والے بڈرز کو ایک کروڑ ٹکا پے آرڈر جبکہ 4.5 کروڑ بینک گارنٹی دینے کا پابند کیا ہے۔
Load Next Story