روس نے پروٹون راکٹ خلا میں چھوڑ دیا

روسی راکٹ ’’ہائی اسپیڈ موبائل براڈبینڈ سروسز‘‘ فراہم کرے گا جو ’’سنگل پرووائیڈر‘‘ کے ذریعے حاصل کی جا سکیں گی۔

وقت کا تقاضا یہ ہے کہ پاکستان خلائی سائنس میں ترقی کے لیے اقدامات کرے۔فوٹو : فائل

KARACHI:
روس نے برطانوی سٹیلائٹ کے ذریعے پروٹون راکٹ فضا میں چھوڑ دیا ہے۔ اس سے قبل مئی میں روس نے میکسیکو کے جس سیارچے کے ذریعے یہ کوشش کی تھی وہ ناکام رہی تھی اور راکٹ تباہ ہو گیا تھا۔ اس پروٹون راکٹ پر روس نے جدید مواصلاتی نظام خلا میں بھیجا ہے۔ روسی خلائی ایجنسی کے ترجمان کے مطابق روس کا یہ خلائی تجربہ کامیابی سے ہمکنار ہو گیا۔

یہ روسی راکٹ ''ہائی اسپیڈ موبائل براڈبینڈ سروسز'' فراہم کرے گا جو ''سنگل پرووائیڈر'' کے ذریعے حاصل کی جا سکیں گی۔ واضح رہے گزشتہ مئی میں اس قسم کا راکٹ میکسیکو کی خلائی ایجنسی کے ذریعے روانہ کیا گیا جو واپس زمین پر آن گرا۔ یہ حادثہ ایک انجن میں خرابی کے باعث رونما ہوا۔ امریکا اور روس خلائی ٹیکنالوجی میں ورلڈ لیڈر ہیں اور اس کے باوجود مزید بہتری کے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں۔


اگرچہ پاکستان نے بھی راکٹ ٹیکنالوجی حاصل کر لی ہے تاہم خلا کی طرف فی الحال پاکستان کا کوئی رجحان نظر نہیں آیا حالانکہ ہمیں بھی اس میدان میں پیشرفت کرنی چاہیے۔ پاکستان ایٹمی قوت ہے لیکن یہ حقیقت بھی واضح ہے کہ سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں پاکستان بہت پیچھے ہے۔ خلائی مہم جوئی میں اس کا نام تک شامل نہیں ہے۔

پاکستان کو سائنس و ٹیکنالوجی خصوصاً خلائی سائنس میں آگے آنا چاہیے کیونکہ مستقبل کی جنگوں میں جیت کا انحصار خلائی ٹیکنالوجی پر ہے' مستقبل میں وہی ملک جنگوں میں فاتح ہوں گے جو خلائی ٹیکنالوجی میں ترقی یافتہ ہوں گے لہٰذا وقت کا تقاضا یہ ہے کہ پاکستان خلائی سائنس میں ترقی کے لیے اقدامات کرے۔
Load Next Story