خیبرپختونخوا میں ضلع و تحصیل ناظمین کے انتخابات

یہ صوبہ بہت سے مسائل کا شکار ہے دہشت گردی کے باعث درجنوں تعلیمی ادارے تباہ ہو چکے ہیں

خیبرپختونخوا کے منتخب نمایندے اگر ایمانداری اور خلوص نیت سے اپنے فرائض سر انجام دیں تو ان کا یہ کردار پورے ملک کے منتخب نمایندے کے لیے ایک مثال بن سکتا ہے۔ فوٹو : ایکسپریس نیوز

خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں ضلع و تحصیل و ٹاؤن ناظمین کے انتخابات کا مرحلہ اتوار کو مکمل ہو گیا۔ انتخابی نتائج کے مطابق 23 اضلاع میں ضلعی ناظمین کے انتخابی عمل میں تحریک انصاف نے 9 اضلاع میں کامیابی حاصل کر کے مقامی سطح پر سب سے بڑی سیاسی پارٹی کی موجودہ حیثیت کو برقرار رکھا ۔

ان انتخابات میں جماعت اسلامی 4 ضلعی ناظمین کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی جب کہ مسلم لیگ ن 3' جمعیت علمائے اسلام (ف) 2' پیپلز پارٹی اور اے این پی بھی 2,2 اضلاع میں نظامت حاصل کر پائیں۔ خیبرپختونخوا وہ واحد صوبہ ہے جہاں بلدیاتی انتخابات کے تمام مراحل مکمل ہو گئے ہیں اب منتخب ہونے والے ٹاؤن اور ضلعی ناظمین پر یہ بھاری ذمے داری عائد ہوتی ہے کہ وہ مقامی سطح پر دل و جان سے لوگوں کے مسائل حل کریں۔


یہ صوبہ بہت سے مسائل کا شکار ہے دہشت گردی کے باعث درجنوں تعلیمی ادارے تباہ ہو چکے ہیں' صحت کا شعبہ بھی عوامی توقعات پر پورا نہیں اتر رہا، صفائی' ناقص سیوریج' صاف پانی کی عدم فراہمی' ٹوٹی پھوٹی گلیوں اور اسٹریٹ لائٹس کی عدم موجودگی سمیت درجنوں مسائل ہیں جن کے حل کے لیے خیبرپختونخوا کے عوام نے اپنے نمایندوں کو منتخب کیا ہے۔

اب دیکھنا یہ ہے کہ یہ بلدیاتی نمایندے عوامی توقعات پر پورا اترتے ہیں یا نہیں۔ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے گراس روٹ لیول پر ان منتخب نمایندوں کو سرگرم کردار ادا کرنا ہو گا۔ کسی بھی شخص کو مکان ، دکان فروخت یا کرائے پر دیتے وقت متعلقہ شخص کی مکمل جانچ پڑتال کی جائے اس کے علاوہ اس امر کا بھی خیال رکھا جائے کسی غیر ملکی شخص کو تعلقات کی بنیاد پر پاکستانی شناختی کارڈ یا پاسپورٹ جاری نہ ہونے دیا جائے کیونکہ ایسی شکایات منظر عام پر آ چکی ہیں کہ با اثر افراد نے غیر ملکیوں کو پاکستانی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بنوانے میں تعاون کیا۔

یہ عوامی شکایات بھی اپنی جگہ موجود ہیں کہ منتخب نمایندے فنڈز اور ترقیاتی منصوبوں میں گھپلے کرتے ہیں۔ خیبرپختونخوا کے منتخب نمایندے اگر ایمانداری اور خلوص نیت سے اپنے فرائض سر انجام دیں تو ان کا یہ کردار پورے ملک کے منتخب نمایندے کے لیے ایک مثال بن سکتا ہے۔
Load Next Story