بھتہ خوروں کا خوف اولڈ سٹی ایریا کے مکینوں نے قربانی کا ارادہ ترک کر دیا

گینگ وار کی جانب سے بھتہ، قربانی کے جانور کی کھال اور گوشت کا بھی مطالبہ کردیا گیا.

قربانی کا ارادہ رکھنے والے عید منانے کے لیے شہر کے مختلف علاقوں میں رہائش پذیر اپنے رشتے داروں کے گھر منتقل ہو گئے، مکینوں کی بات چیت. فوٹو: فائل

گینگ وار کے ملزمان کی جانب سے بھتہ ، قربانی کے جانور کی کھال اور گوشت کے مطالبے پر اولڈ سٹی ایریا کے متعدد مکینوں نے قربانی کا ارادہ ترک کر دیا۔

جبکہ قربانی کا ارادہ رکھنے والے عید قرباں منانے کے لیے شہر کے مختلف علاقوں میں رہائش پذیر اپنے رشتے داروں کے گھر منتقل ہو گئے، علاوہ ازیں اولڈ سٹی ایریا میں پولیس مکمل طور پر ناکام ہو گئی ہے، تفصیلات کے مطابق لیاری کے علاقے کھڈا مارکیٹ ، میمن سوسائٹی ، موسیٰ لین ، کھارادر ، میٹھادر ، جوڑیا بازار ، لی مارکیٹ ، نپیئر روڈ ، گارڈن ، نشتر روڈ سمیت اولڈ سٹی ایریا میں رہائش پزیر تاجر اور دیگر شہریوں نے عیدالاضحی کے موقع پر قربانی کا ارادہ ترک کر دیا یہ بات کھارادر کے رہائشی ایک سنار حاجی الطاف میمن اور کپڑے کے تاجر حاجی اقبال میمن نے ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔

انھوں نے بتایا کہ 2ماہ سے گینگ وار کے ملزمان کھارادر اور اس سے متصل علاقوں میں قبضے کیلیے سرگرم ہو گئے ہیں، گینگ وار کے ملزمان نے علاقے کے تمام دفاتر، دکانوں، صرافہ بازار اور چھوٹے بڑے کیبن والوں سے پرچی کے ذریعے بھتہ لینا شروع کر دیا تھا، عیدالاضحی کا چاند نظر آتے ہی گینگ وار کے ملزمان نے علاقے کے تمام رہائشیوں کو پرچی کے ذریعے بتا دیا کہ قربانی کرنے والا ہر شخص جانور کی کھال کے ساتھ ساتھ گوشت بھی انھیں دے گا۔


جبکہ ایک لاکھ روپے کی گائے یا بکرے کی خریدی ہوئی رقم کا 10فیصد بھتہ بھی انھیں دے گا، اگر کوئی شخص ایک لاکھ روپے کی گائے خریدے گا تو اسے10ہزار روپے دینا ہوگا اور جس شخص نے بھی ان کی بات نہیں مانی اسے قتل کر دیا جائے گا جس سے اولڈ سٹی ایریا کے مکینوں میں خوف کی لہر دوڑ گئی ، ہر سال اولڈ سٹی ایریا میں عیدا لاضحی کا چاند نظرر آتے ہی اولڈ سٹی ایریا میں جانوروں کے لیے شامیانے لگ جاتے ہیں جہاں ہزاروں کی تعداد میں قربانی کے لیے جانور لائے جاتے ہیں۔

جبکہ گلیوں میں کھانے پینے کا سامان فروخت کرنے والوں کا بھی رش لگ جاتا ہے جس سے علاقے میں پوری رات رونق لگی رہتی تھی شہر کے مختلف علاقوں سے خواتین اور بچوں سمیت شہری بڑی تعداد میں اولڈ سٹی ایریا میں قربانی کے جانور دیکھنے آتے تھے کیونکہ شہر میں یہ بات مشہور ہے کہ اولڈ سٹی ایریا کے تاجر خوبصورت اور بھاری بھرکم جانور لاتے ہیں اور رات کے شامیانے میں وقت برقی قمقمے لگا کر شہریوں کو دکھائے جاتے ہیں تاہم رواں سال چاند کی 3 تاریخ گزر جانے کے باوجود اولڈ سٹی ایریا کے مکینوں نے قربانی کے جانور نہیں خریدے جس کے باعث کھارادر ، میٹھادر اور دیگر علاقوں میں شام ہوتے ہیں سناٹا ہو جاتا ہے۔

گارڈن کے رہائشی ایک تاجر باسط میمن نے بتایا کہ وہ اور ان کی کمیونیٹی سے تعلق رکھنے والے بیشتر لوگو عبد قرباں منانے کیلیے شہر کے دیگر علاقوں میں رہائش پزیر اپنے رشتے داروں کے گھر چلے جائیں گے اور وہیں عیدالاضحیٰ مناتے ہوئے جانور کی قربانی کریں گے، اولڈ سٹی ایریا میں پولیس مکمل طور پر ناکام ہو گئی ہے، مکینوں کا کہنا تھا کہ لیاری سمیت اولڈ سٹی ایریا کے بیشتر تھانوں کے ایس ایچ اوز لیاری گینگ وار کی اجازت کے بغیر نہیں لگائے جاتے، گینگ وار کے ملزمان کو پولیس کے اعلیٰ افسران کی مکمل سرپرستی حاصل ہے۔

گینگ وار کا اگر کوئی ملزم لوٹ مار کے دوران شہریوں کے ہاتھ پکڑا جاتا ہے تو پولیس فوری طور پر واردات والی جگہ پہنچ جاتی ہے اور شہریوں کے ہاتھوں پکڑے جانے والے ملزمان کو اپنی حفاظت میں لے کر تھانے لے جاتی ہے اور کچھ ہی گھنٹوں بعد اس تھانے کا ایس ایچ او کسی نامعلوم فون کی وجہ سے پکڑے جانے والے ملزمان کو چھوڑنے پر مجبور ہو جاتا ہے ، مکینوں کا کہنا تھا کہ گینگ وار کے ملزمان نے کہ عیدالاضحیٰ کے تین دنوں کے دوران اولڈ سٹی ایریا میں کھالیں جمع کرنے کے لیے منصوبہ بندی کی ہوئی ہے جس کے بارے میں علاقہ پولیس کو انٹیلی جئنس رپورٹ میں بتا دیا گیا ہے۔
Load Next Story