اغوا برائے تاوان بلیک میلنگ ٹی وی ریٹنگ کمپنی کی سازش بے نقاب سی آئی اے آلۂ کار بن گئی

میڈیالاجک کے مالک نےایکسپریس نیوزکی انتظامیہ سے ریٹنگ کےحوالےسےجعلی ثبوتوں کی بنیاد پر45کروڑروپے کا مطالبہ کیا تھا

شائستہ کے انکار پر سلمان دانش مشتعل ہوگیا اورجھوٹی ایف آئی آر درج کروادی، سی آئی اے انسپکٹر بشیرنیازی نے راولپنڈی میں رات کو گھر کے دروازے توڑ کر شائستہ کے 2 بھائی بغیرکسی مقدمے کے اٹھالیے ۔ فوٹو : فائل

QUETTA:
ٹی وی ریٹنگ کمپنی میڈیا لاجک کی سی آئی اے ماڈل ٹاؤن کے ساتھ ایکسپریس نیوز کو بلیک میل کرنے کی سازش بے نقاب ہو گئی، میڈیالاجک کا مالک سلمان دانش ایکسپریس نیوز کیخلاف اپنی مرضی کا بیان نہ ملنے پر اپنے ادارے کی خاتون ملازمہ کے خلاف ہوگیا اور سی آئی اے پولیس کے ذریعے خاتون کے2 بھائیوں کو بغیر کسی مقدمے کے اغوا کرا لیا، میڈیالاجک کا جنرل منیجر خالد دوست اپنے مالک سلمان دانش کو ساری کارروائی سے باخبر رکھتا رہا، دونوں بھائیوں کیخلاف ڈکیتی کا مقدمہ درج کرنے کی دھمکی دے کر ان کے اہل خانہ کو لاہور بلوا کر ان کی رہائی کے بدلے خاتون سے سادہ اور دیگر دستاویزات پر دستخط کر والیے۔

ایکسپریس نیوز نے فون کالز،موبائل پیغامات سمیت تمام ثبوت حاصل کر لیے۔ تفصیلات کے مطابق میڈیا لاجک کمپنی جو مختلف ٹی وی چینلز کیلیے ریٹنگ اکٹھی کرتی ہے ، اس کے مالک سلمان دانش نے ایکسپریس نیوز کی مینیجمنٹ سے ایک ملاقات میں 45کروڑ روپے یہ کہہ کر مانگے کہ ہمارے پاس آپ کے خلاف کچھ ثبوت ہیں۔ مینجمنٹ کے انکار پر میڈیالاجک کے مالک نے شرمندہ ہونے کے بجائے وہ تمام ثبوت بنانا شروع کر دیے جو ان کے پاس نہیں تھے۔

سلمان دانش نے بلیک میلنگ کیلیے اپنے ہی ملازمین میں سے راولپنڈی کی شائستہ نامی خاتون کو چنا اور اس سے کہاکہ ایکسپریس نیوز کے خلاف گواہی دے کہ ایکسپریس نیوز نے کچھ گھروں پر دباؤڈال کر اپنا چینل ٹیون کروایاہے جس کی وجہ سے زیادہ ریٹنگ آئی لیکن شائستہ نے ایسا کرنے سے انکار کر دیاجس سے میڈیالاجک کا مالک بپھر گیا اور سی آئی اے لاہور کے انسپکٹر بشیر نیازی کے ساتھ ملکرشائستہ کے خلاف ایک جھوٹی ایف آئی آر درج کروادی۔


اس کے بعد خاتون کے گھر والوں کو دھمکیاں ملنے لگیں کہ اگر میڈیالاجک کے مالک کا ساتھ نہ دیاتو جیل کی ہوا کھانا پڑے گی، جس کے ثبوت کے طور پر ایکسپریس نیوز کے پاس ایک فون کال بھی موجود ہے۔ دھمکیوں سے بھی بات نہ بنی تو میڈیالاجک کے افسران اور سی آئی اے ماڈل ٹاؤن کے ساتھ مل کر خاتون کے2 بھائیوں کے اغوا کامنصوبہ بنایا اور تمام قواعد اور قانون ایک طرف رکھ کر راولپنڈی میں شائستہ کے گھر پر چھاپہ مارا اور اس کے بھائیوں ماجد اور واجد کو گھسیٹتے ہوئے گاؔڑی میں ڈالا۔ دونوں بھائیوں کو لاہور لاکر سی آئی اے ماڈل ٹاؤن کی حوالات میں بند کر دیا۔ خاتون شائستہ کے بقول رات کے 4 بجے ہمارے گھر کادروازہ توڑ کر پولیس داخل ہوئی جن میں سے ایک داؤد اور دوسرا انسپکٹر نیازی تھا۔

ان کے ساتھ دیگر اہلکار بھی تھے۔ بعد ازاں ڈی ایس پی ماڈل ٹاؤن داؤد نے شائستہ کو فون کیا کہ تمہارے بھائیوں پر ڈکیتی کا مقدمہ بنا دیاجائے گالہٰذا اپنے بھائیوں کو بچانے کیلیے اپنی بہن نادیہ کو لے کر لاہور پہنچو۔ جب شائستہ لاہور پہنچی تو اسے تھانے کے بجائے میڈیا لاجک کے دفتر بلوایا گیاجہاں اس سے کورے کاغذات پر دستخط کروائے گئے اور اپنی مرضی کی جھوٹی تحریروں کے ساتھ شائستہ اور اس کے بھائیوں کو چھوڑا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے پاس سارے منصوبے زیادتی کے کاغذات اورریکارڈنگز موجود ہیں۔ شائستہ کے بھائیوں کے اغوا کے پیچھے45کروڑ روپے تاوان کالالچ تو موجود ہے ہی لیکن ایکسپریس نیوز کے خلاف ایک گھناؤنی سازش بھی رچی گئی ہے جس کے بہت سے کردار ابھی بے نقاب ہونا باقی ہیں۔

https://www.dailymotion.com/video/x35eojm_express-news_news
Load Next Story