واساملازمین نے 4روزسے جاری کام چھوڑہڑتال موخر کردی

مذاکرات میںایڈمنسٹریٹرکی منگل تک تنخواہیں اداکرنے کی یقین دہانی.

بہرام خان کی قیادت میںوفدکی برکات رضوی سے ملاقات، اظہار تشکر. فوٹو: ایکسپریس

حیدرآباد میڑو پولیٹین کارپوریشن کے ایڈمنسٹریٹر سید برکات احمد رضوی اور واسا کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے مابین کامیاب مزاکرات کے بعد ملازمین نے 4روز سے جاری کام چھوڑ ہڑتال کو موخر کرنے کا اعلان کر دیاہے۔

یہ اعلان جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے چئیرمین بہرام خان چانگ کی سربراہی میں ملنے والے ایک وفد نے سید برکات احمد رضوی سے انکے دفتر میں ملاقات کے بعد کیا۔ ملاقات کے دوران ایم ڈی واسا سلیم الدین بھی موجود تھے۔ ایڈمنسٹریٹر برکات رضوی نے انھیں بتایا کہ واسا ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کیلیے حکومت سندھ نے 15کروڑ روپے فراہم کرنے کی یقین دھانی کرا دی ہے جو پیر تک موصول ہوں گے۔ اس دوران واسا کا عملہ تمام چیکس تیار کرلیگا یوں منگل تیئس اکتوبر کر واسا اسٹاف کو تنخواہیں مل جائیں گی۔


وفد نے ایڈمنسٹریٹر حیدرآباد کی کاوشوں سے تنخواہوں کی ادائیگی پر انکا شکریہ ادا کیا اور فوری طور پر اپنی ہڑتال کو موخر کر کے تمام نکاسی و فراہمی آب کے پمپنگ اسٹیشنز پہنچ کر فرائض سنبھالنے کا یقین دلایا۔ واضع رہے کہ صبح کے اوقات میں ڈی جی ایچ ڈی اے اور واسا ملازمین کے مابین تنخواہوں، پنشن سمیت دیگر بقایاجات کی ادائیگی کیلیے ہونیوالے مذکرات ناکام ہو گئے تھے، جس کے بعد واسا ملازمین نے چوتھے روز بھی احتجاج کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے احتجاجاً شہر کا نکاسی آب اور فراہمی کا نظام بند کر دیا تھا۔

جسکی وجہ سے شہر کی مختلف شاہراہوں پر کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہو گیااورٹریفک کی روانی بھی شدیدمتاثر ہوئی اورمکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ایکشن کمیٹی کے رہنماء انصاف لاشاری نے ایکسپریس کو بتایا کہ ڈی جی ایچ ڈی اے سے ہونیوالی بات چیت میں ملازمین کو چھ ماہ کی تنخواہ دینے کے بجائے صرف ایک ماہ کی تنخواہ دیے جانیکی یقین دہانی کرائی جارہی تھی جبکہ باقی ماندہ تنخواہوں کی ادائیگی کیلیے حکومت سندھ سے بات چیت کرنے کا عندیہ تھا جس پر بات چیت ناکام ہو گئی تاہم ایڈمنسٹریٹر کی مداخلت اور انکی جانب سے حکومت سندھ سے رابطے کے بعدتنخواہوںکی ادائیگی کیلیے رقم کی فراہمی کی یقین دہانی کرا دی گئی۔
Load Next Story