بھارت سے سیریز نہ ہونے کا نزلہ بورڈ ملازمین پرگرے گا

انٹرنیشنل وڈومیسٹک ڈائریکٹرزکے عہدے ختم،ذاکراورانتخاب کونئی ذمہ داری ملے گی

60سال سے زائدعمراور غیرفعال ریڈیواسٹیشن میں کام کرنے والوں کی بھی رخصتی کا فیصلہ فوٹو : فائل

YANGON:
پی سی بی نے انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک ڈائریکٹرز کے عہدے ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے،ذاکر خان اور انتخاب عالم کو کوئی اور ذمہ داری دی جائے گی۔

اگلے مرحلے میں 60 سال سے زائد عمر کے ملازمین اور غیر فعال ریڈیو اسٹیشن میں کام کرنے والوں کو رخصتی کے پروانے جاری ہوں گے،کئی کنٹریکٹ ملازمین کی مدت 30ستمبر کو مکمل ہونے کے بعد توسیع نہیں دی جائے گی۔تفصیلات کے مطابق بورڈ کو بھارت کیخلاف یو اے ای میں سیریز سے بھاری آمدن کی توقع تھی لیکن اب اس کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے۔


اس صورتحال میں ملازمین کی فوج کم کرنے پر غور کیا جا رہا ہے، پہلا بڑا قدم اٹھاتے ہوئے2 ڈائریکٹرز کے عہدے ختم ہوں گے،ایک انٹرویو میں شہریار خان نے بتایا کہ پی سی بی نے انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک کرکٹ کو جنرل مینجرز کے ذریعے چلانے اور بوجھ کم کرنے کیلیے مختلف شعبوں کو ضم کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے، اس وقت 9ڈائریکٹرز کام کررہے ہیں، چیف آپریٹنگ آفیسر کا سب سے مسلسل رابطہ رکھنا بہت مشکل ہے۔

ان کی تعداد میں بتدریج کمی لائے جائے گی۔ یاد رہے کہ بورڈ کے اس فیصلے سے ڈائریکٹر ڈومیسٹک انتخاب عالم اور انٹرنیشنل ذاکر خان اپنی ملازمت سے ہاتھ دھو بیٹھیں گے،چیئرمین پی سی بی نے بتایا کہ طویل المدتی پالیسی کے تحت مرحلہ وار دیگر شعبوں کی چھان بین کے بعد طے کیا جائے گا کہ کس کی ضرورت باقی ہے اور کس کی نہیں، ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ دونوں سابق کرکٹرز کو کسی اور موزوں عہدوں پر تعینات کیا جاسکتا ہے تاہم فی الحال اس بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کرسکتا، اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کو بھی ہیومن ریسورس میں ضم کرنے کے بعد ایک منیجر کے ذریعے چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

60سال سے زائد عمر کے 8سے 10 غیر ضروری ملازمین کو گھر بھیج دیا جائیگا، بورڈ نے اپنا ریڈیو اسٹیشن شروع کرنے کا منصوبہ ترک کردیا جس کے بعد تمام عملہ فارغ ہوجائے گا، چیئرمین پی سی بی بورڈ نے واضح کیا کہ کوئی کام جلد بازی میں نہیں کر رہے اور پورا عمل مرحلہ وار مکمل کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق کئی ملازمین کے کنٹریکٹ 30ستمبر کو مکمل ہونے کے بعد توسیع نہیں دی جائیگی۔
Load Next Story