مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے اسلامی پارلیمانی یونین

بھارتی جارحیت کی مذمت، عالمی امن اورسلامتی کی جدوجہدمیں 65ہزار پاکستانیوں کی جانی قربانیوں کااعتراف

فلسطینی عوام کیخلاف جارحیت اورشام ولبنانی علاقوںپر اسرائیلی قبضے کی مذمت، غیرمسلم ریاستوںمیں مسلم اقلیتوںکو حقوق دیے جائیں، ایگزیکٹوکمیٹی کااسلام آباد اعلامیہ فوٹو:فائل

لاہور:
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق مسئلہ جموں وکشمیر کے پر امن حل کامطالبہ کیاہے اورمقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی افواج کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش کااظہار کیاہے۔

پاکستان میں ہونے والے اسلامی ممالک کی پارلیمانی یونین کی ایگزیکٹوکمیٹی کے اجلاس میں پاکستان کے علاوہ، الجیریا، لبنان، مراکش، سعودی عرب، آذربیجان، چاڈ، گنی، آئیوری کوسٹ، یوگنڈا، ترکی، عراق اور ایران کے اراکین پارلیمنٹ نے شرکت کی۔ اسلامی ممالک کی پارلیمانی یونین کی 34ویں ایگزیکٹو کمیٹی نے 2روزہ اجلاس کے بعدمشترکہ اعلامیہ منظور کرلیا گیا۔ اعلامیے میں کہاگیا کہ اوآئی سی کے ممبران ممالک کی پارلیمنٹری یونین ہم اللہ تعالیٰ کی حاکمیت کو تسلیم کرتے ہیں۔


جس میں مشاورت اوراسلامی اخوت وبھائی چارے کی تاکید کی گئی۔ دہشت گردی اور پرتشدد انتہاپسندی کے خلاف مربوط حکمت عملی بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ اورذمے داری کونبھانے کاعزم کرتے ہیں اوردہشت گردی کی ہرقسم اورطریقہ کارکی مذمت کرتے ہیں۔ ہماراعزم ہے کہ ہم فلسطینی عوام کے اپنے مقبوضہ علاقوں کوآزاد کرانے کے لیے اسرائیلی جارحیت کے خلاف ہرممکن ذرائع کے استعمال سے مقابلہ کرنے کے عزم واستقلال اورفلسطینی عوام کے حق خودارادیت اورالقدس الشریف بحیثیت دارالحکومت کے آزادفلسطینی ریاست کے قیام کے لیے جدوجہدکی حمایت کرتے ہیں۔

پی یوآئی سی کی جانب سے پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف کوششوں کی حمایت کوجاری رکھیں گے اورعالمی امن وسلامتی کی جدوجہدمیں 65ہزارپاکستانیوں کی جانی قربانیوں کااعتراف کرتے ہیں۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اورکشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق مسئلہ جموں وکشمیر کے پرامن حل کامطالبہ کرتے ہیں۔

عراقی عوام کی جانب سے دہشت گردی اورعراق کے تمام علاقوں کودہشت گردوں کے تسلط سے آزادکرانے کی جدوجہدکی حمایت کرتے ہیں۔ اعلامیے میں کہا گیاکہ بین الاقوامی برادری کو دہشت گردی کی بنیادی وجوہ جواحساس محرومی، مایوسی اور پرتشدد کارروائیوں کوہوا دیتی ہیں، سے نمٹنے کی یاددہانی کراتے ہیں۔ بھارت کی جانب سے پاکستان اوربھارت کے مابین جنگ بندی کے معاہدے کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول اورورکنگ بانڈری کے اطراف بلااشتعال فائرنگ اورایل اوسی کے اطراف خواتین، بچوں اوربوڑھوں سمیت کثیرتعداد میں شہریوں کی ہلاکت کی مذمت کرتے ہیں۔
Load Next Story