ٹریفک حادثے میں معمر شخص ہلاک 4 افرادزخمی

سیمنز چورنگی کے قریب سڑک عبور کرنے والے اسد اور خلیل کو گاڑی نے ٹکر ماری.

نیو کراچی میں تیز رفتارگاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار افضل اور علی اصغر شدید زخمی. فوٹو فائل

شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں معمر شخص ہلاک جبکہ 4 افراد زخمی ہوگئے ۔


تفصیلات کے مطابق صدر کے علاقے میں پریڈی اسٹریٹ پر تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے معمر شخص ہلاک ہوگیا ، حادثے کا ذمے دار ڈرائیور گاڑی سمیت موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ، پریڈی پولیس کے مطابق متوفی کی شناخت 60 سالہ عمیر ولد محمد حسین کے نام سے ہوئی ، ورثا بغیر پولیس کارروائی کے لاش اپنے ہمراہ لے گئے ۔

علاوہ ازیں سائٹ ایریا میں سیمنز چورنگی کے قریب سڑک عبور کرتے ہوئے تیز رفتار گاڑی کی زد میں آکر 18 سالہ اسد اور 58 سالہ خلیل ولد نور احمد زخمی ہوگئے جنھیں فوری طور پر عباسی شہید اسپتال پہنچایا گیا ، نیو کراچی 5 نمبر پر موٹر سائیکل سوار 18 سالہ افضل ولد نسیم اور 16 سالہ علی اصغر کو عقب سے آنے والی تیز رفتار گاڑی نے ٹکر مار دی جس سے دونوں شدید زخمی ہوگئے ، زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال پہنچایا گیا ۔
Load Next Story