پاکستان سپر لیگ کے لوگو کی آج تقریب رونمائی

موسیقی کا پروگرام بھی ہوگا،ظہیرعباس بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے

9 ممالک کے100سے زائد پلیئرزنے اظہاردلچسپی کے فارم دستخط کرکے بھجوا دیے فوٹو: فائل

پاکستان سپر لیگ کے لوگو کی تقریب رونمائی اتوار کو لاہور میں ہوگی، ماضی میں کئی بار تعطل کا شکار ہونے والے منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سپرلیگ کا منصوبہ ماضی میں کئی بار تعطل کا شکار ہوچکا،اب ایونٹ آئندہ سال فروری میں کرانے کیلیے بھرپور تیاریاں کی جارہی ہیں، یو اے ای میں اسٹیڈیمز ماسٹرز لیگ کیلیے بک ہونے کی وجہ سے قبل ازیں ٹورنامنٹ قطر میں کرانے کا پلان بنالیا گیا تھا، تاہم پی سی بی کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی اور چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد پی ایس ایل کے یو اے ای میں ہی انعقاد کیلیے کوشاں ہیں۔

ذرائع کے مطابق ماسٹرز لیگ کے منتظمین اپنا ایونٹ فروری سے قبل کرانے کیلیے تیار ہیں، پی ایس ایل کے لوگو کی تقریب رونمائی اتوار کو لاہور میں ہوگی، اس کیلیے آئی سی سی کے صدر ظہیرعباس کو بھی دعوت دی گئی ہے، ملک کے موجودہ اور سابق اسٹارز بھی جگمگاتے نظر آئیں گے،رنگارنگ تقریب میں موسیقی کا پروگرام بھی ہوگا۔


دریں اثنا معلوم ہوا ہے کہ9 ممالک کے 100سے زائد کھلاڑیوں نے ایونٹ میں شرکت کیلیے رضامندی کا اظہار کرتے ہوئے فارم دستخط کرکے بھجوا دیے ہیں،انٹرنیشنل سطح پر کام کرنے والے 17کوچز نے بھی تحریری طور پر مثبت جواب دیا ہے۔

غیر ملکی اسٹاف اور پاکستانی کوچ مل کر ٹیموں کی رہنمائی کرینگے،ڈرافٹ سسٹم میں 5کیٹگریز بناتے ہوئے ہوئے اس بات کا بھی خیال رکھاجائے گا کہ میزبان ملک کے اسٹارز کو بھی دنیا کے دیگر نامور کھلاڑیوں کے برابر معاوضوں کی ادائیگی ہو، یہی طریقہ کار کیریبیئن پریمیئر لیگ میں بھی رائج ہے۔

دوسری جانب حیران کن طور پر پی سی بی نے اپنے سابق سربراہان کو ہی مدعو نہیں کیا، جب نمائندہ ''ایکسپریس'' نے ذکا اشرف، توقیر ضیا، اعجاز بٹ اور خالد محمود سے رابطہ کیا تو چاروں نے تصدیق کی کہ انھیں بورڈ کی جانب سے کوئی دعوت نامہ موصول نہیں ہوا۔

گورننگ بورڈ ارکان کو ریٹرن فضائی ٹکٹ، قیام و دیگر سہولتیں فراہم کر کے مدعو کیا گیا ہے، یاد رہے کہ قبل ازیں گورننگ بورڈ کے ممبران کو پی سی بی نے لاکھوں روپے خرچ کر کے اہلیہ کے ساتھ ورلڈکپ میچز دیکھنے آسٹریلیا و نیوزی لینڈ بھی بھیجا تھا۔
Load Next Story