سانحہ بلدیہ مزید ایک شخص کی ڈی این اے رپورٹ موصول

متوفی نے ایک ہفتہ قبل ہی فیکٹری میں ملازمت اختیار کی تھی،ماموں اسلم.

اورنگی کا رہائشی اور گھر کا واحد کفیل تھا، مزید 31 لاشیں رپورٹ کی منتظر فوٹو: فائل

سانحہ بلدیہ ٹائون میں جاں بحق ہونے والے مزید ایک اور شخص کی شناخت ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے ہوگئی ۔


متوفی اورنگی ٹائون کا رہائشی اور گھر کا واحد کفیل تھا ، متوفی کے والد کا بھی انتقال ہوچکا اور اس نے ایک ہفتہ قبل ہی فیکٹری میں ملازمت اختیار کی تھی ، تفصیلات کے مطابق11ستمبر کو بلدیہ ٹائون میں واقع گارمنٹس فیکٹری علی انٹر پرائزز میں لگنے والی خوفناک آگ کے نتیجے میں 259 افراد جاں بحق ہوگئے تھے جن میں سے 39 کی شناخت نہیں ہوسکی تھی اور ان کے ڈی این اے ٹیسٹ کیے گئے جس کے بعد 7 افراد کی شناخت ممکن ہوسکی تھی،گزشتہ روز بھی ڈی این اے ٹیسٹ کی رپورٹ موصول ہونے کے بعد ایک اور شخص کی اشفاق ولد عثمان غنی کے نام سے شناخت کرلی گئی ، متوفی کے ماموں اسلم نے ایکسپریس کو بتایا کہ اشفاق کی عمر 18 برس تھی اور اس نے ایک ہفتہ قبل ہی فیکٹری میں ملازمت اختیار کی تھی ، انھیں اس وقت معلوم نہ تھا کہ اس کے ساتھ یہ حادثہ ہوجائے گا ۔

متوفی اورنگی ٹائون سیکٹر ساڑھے گیارہ کا رہائشی تھا ، محمد اسلم نے مزید بتایا کہ متوفی گھر کا واحد کفیل تھا جبکہ اس کے والد کا کچھ عرصہ قبل انتقال ہوچکا ہے، متوفی کا ایک چھوٹا بھائی اور ایک چھوٹی بہن ہے جوکہ ابھی زیر تعلیم ہیں، انھوں نے کہا کہ اس کے اہل خانہ شدت غم سے انتہائی نڈھال ہیں،متوفی کو گزشتہ روز مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا،علاوہ ازیں ایدھی سرد خانے کے عملے کے مطابق سرد خانے میں اب 31 افراد کی لاشیں رکھی ہوئی ہیں جن کے ڈی این اے ٹیسٹ کی رپورٹ کا انتظار ہے۔
Load Next Story