عمراکمل زمبابوے میں روٹھی فارم کو منانے کے لیے پُرامید

سخت پریکٹس کی،دورے میں ملنے والے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھاؤں گا، بیٹسمین

سخت پریکٹس کی،دورے میں ملنے والے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھاؤں گا، بیٹسمین ۔ فوٹو:فائل

نوجوان بیٹسمین عمراکمل زمبابوے میں روٹھی فارم کو منانے کیلیے پُرامید ہیں،ان کا کہنا ہے کہ ردھم میں آنے کیلیے سخت پریکٹس کی ہے، حریف کیخلاف ملنے والے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھاؤں گا، ایک بار پھر عید گھروالوں سے دور گزارنے کا افسوس لیکن پروفیشنل کھلاڑیوں کو کیریئر میں ایسی باتوں کیلیے تیار رہنا چاہیے۔

تفصیلات کے مطابق عمر اکمل زمبابوے کیخلاف ہوم سیریز میں خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکے تھے، وہ قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں بھی اپنا رنگ جمانے میں ناکام رہے،جوابی سیریز کیلیے پاکستان کا ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ اب ہرارے پہنچ چکا ہے، فارم میں نہ ہونے کے باجود عمراکمل کی صلاحیتوں پر اعتماد کیا گیا، چند روز قبل چیف سلیکٹر ہارون رشید نے اس حقیقت کو تسلیم کرتے ہوئے کہا تھا کہ نوجوان بیٹسمین میچ ونر ہیں۔


بھارت میں آئندہ برس شیڈول ورلڈٹوئنٹی سے قبل اندازہ ہوجائے گا کہ وہ کہاں موجود ہیں،اس سے یہی واضح ہوتا کہ عمراکمل ایک بار پھر ریڈار میں ہوں گے، میگا ایونٹ سے قبل ان کی کارکردگی اہم ہے،دوسری صورت میں راولپنڈی میں قومی ایونٹ کے دوران سامنے آنے والے کئی دیگر باصلاحیت کرکٹرز ان کی جگہ لینے کیلیے تیار ہوں گے۔

ایک انٹرویومیں عمر اکمل نے کہاکہ زمبابوے سے سیریز کو ایک چیلنج کے طور پر لے رہا ہوں، فارم میں آنے کیلیے تربیتی کیمپ کے دوران کوچز کی زیررہنمائی سخت پریکٹس کرتا رہا ہوں، میزبان سائیڈ کیخلاف ملنے والے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹیم کی فتوحات میں اہم کردار ادا کرنے کیلیے پُرعزم ہوں۔

انھوں نے کہا کہ ایک بار پھر عید گھروالوں سے دور گزارنے کا افسوس ہے، لاڈلی بیٹی کے ساتھ اہم تہوار منانے اور قربانی کا موقع بھی نہیں مل سکے گا، البتہ پروفیشنل کھلاڑیوں کو کیریئر میں ایسی باتوں کے لیے تیار رہنا چاہیے۔ انھوں نے کہاکہ عید کیلیے جانور خریدے،جتنا ہوسکا دیکھ بھال بھی کرتا رہا، انکے ساتھ سیلفیز پرستاروں کے لیے بنائیں، وہ دیکھنا چاہتے ہیں کہ ہم کن جانوروں کی قربانی کریں گے۔
Load Next Story