فیفا صدارت چھوڑنے کے لیے بلاٹر پر اسپانسرز کا دباؤ

بڑے کاروباری شراکت دار ہم آواز ہوگئے،انگلش فٹبال چیف نے بھی سوئس فٹبال منتظم کی رخصت کو ناگزیر قرار دے دیا

بڑے کاروباری شراکت دار ہم آواز ہوگئے،انگلش فٹبال چیف نے بھی سوئس فٹبال منتظم کی رخصت کو ناگزیر قرار دے دیا فوٹو : فائل

JERUSALEM:
اٹلانٹا میں قائم عالمی مشروب ساز ادارے نے 79 سالہ بلاٹر کی فیفا صدارت سے علیحدگی کا مطالبہ کردیا۔

تفصیلات کے مطابق ایک امریکی مشروب ساز ادارے نے بلاٹر سے عہدہ چھوڑنے کا مطالبہ کردیا، گلوبل برانڈ مشروب ساز ادارہ 1974 سے ورلڈ کپ کا مرکزی اسپانسر رہا ہے، اس وقت سابق صدر جوآئو ہیولنج کی سربراہی میں فیفا کا موجودہ سیٹ اپ قائم کیاگیا اور10 ملازمین نے میگا ایونٹ کا انعقاد ممکن بنایا تھا، کاروباری شراکت کا معاہدہ 2005 تک چلتا رہا اور اب بھی کم از کم 2022 تک وہ عالمی فٹبال باڈی کو اپنا مالی تعاون فراہم کرتا رہے گا لیکن اس کی مالیت ظاہر نہیں کی گئی،موجودہ حالات سے امریکی مشروب ساز ادارے کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا، ترجمان کا کہنا ہے کہ بلاٹر کا چلے جانا ہی کھیل کے لیے اچھا ہوگا، دوسری جانب بلاٹر نے کہاکہ وہ بڑی اسپانسر کمپنیزکے مطالبے کے باوجود فیفا صدارت نہیں چھوڑیں گے۔


ان کمپنیزکا مطالبہ ہے کہ سیپ بلاٹر کو اپنے عہدے سے فوری طور پر مستعفی ہوجانا چاہیے، خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے سیپ بلاٹر کیخلاف سوئٹزرلینڈ میں مجرمانہ کارروائی شروع ہونے کے بعد چارکمپنیز نے بیان جاری کیے تھے، اس ضمن میں مشروب ساز ادارے نے پہل کرتے ہوئے بیان میں کہاکہ دن بدن فیفا کی شبیہ اور ساکھ کو نقصان پہنچ رہا ہے، مک ڈونلڈزکا کہنا ہے کہ بلاٹر کا جانا ہی کھیل کے بہترین مفاد میں ہوگا، بلاٹر پر سوئس پراسیکیوٹرز نے ایسے معاہدے پر دستخط کرنے کا الزام لگایا جو فیفا کے حق میں نہیں تھا،یوئیفا کے صدر مائکل پلاٹینی کو 'بے جا رقم دینے' کا بھی الزام لگایا گیا ہے۔

بلاٹر نے ان الزامات کی تردید کردی ہے،مائیکل پلاٹینی نے کہاتھا کہ انھیں 15 لاکھ پاؤنڈ کی رقم 1999 سے 2002 کے دوران بلاٹر کے تکنیکی مشیر کے طور پر کام کرنے کے عوض دی گئی تھی، سیپ بلاٹر نے گذشتہ دن اپنے وکلا کے ذریعے جاری کیے جانے والے بیان میں کہا تھا کہ اب استعفی دینا فیفا کے بہترین مفاد میں نہیں ہوگا،نہ ہی اس سے اصلاحات کے عمل میں مدد ملے گی، بڈوائزر کی پیرنٹ کمپنی اے بی ان بیو کا خیال ہے کہ بلاٹر ہی اصلاحات کی راہ میں رخنہ ہیں، ویزا کمپنی کا بھی کہنا ہے کہ بلاٹر کا فوری طور پر چلے جانا ہی فٹبال اور کھیل کے بہترین مفاد میں ہوگا۔

دوسری جانب انگلش فٹبال ایسوسی ایشن ( ایف اے ) کے چیئرمین گریگ ڈائک نے ان واقعات کوکھیل کا رخ موڑنے والا واقعہ قرار دیا ، ان کا کہنا ہے کہ اب اس بات کی اہمیت نہیں کہ بلاٹر کیا کہتے ہیں، فیفا کو پیسہ دینے والے اگر تبدیلی چاہتے ہیں تو انھیں تبدیلی ملے گی، ہم میں سے جو بنیادی طور پر تبدیلی چاہتے ہیں ان کے لیے یہ اچھی خبر ہے۔
Load Next Story