مقبوضہ کشمیر اسمبلی میں  گائے کے ذبح پر پابندی کیخلاف اپوزیشن کا شدید احتجاج

سری نگر: مقبوضہ کشمیر اسمبلی میں جانوروں کے ذبح کرنے پر پابندی کے خلاف اپوزیشن جماعتوں نے شدید احتجاج کیا اور بل کی کاپیاں پھاڑ دیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مقبوضہ کشمیر کی اسمبلی میں گائے کے ذبح کرنے پر پابندی کے خلاف کانگریس اور نیشنل کانفرنس کے اراکین نے شدید احتجاج کیا اوربی جے پی اوراس کی اتحادی جماعت پیپلزڈیموکریٹک پارٹی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا، اس موقع پر اراکین نے جانوروں کے ذبح کرنے پر پابندی کے اقدام کو مذہبی معاملات میں مداخلت قرار دیتے ہوئے بل کی کاپیاں پھاڑ دیں،آزاد اراکین اسمبلی نے بھی احتجاج میں کانگریس اور نیشنل کانفرنس کے اراکین کا ساتھ دیا جس کے باعث اسپیکر کو 2 مرتبہ ایوان کی کارروائی روکنا پڑی۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ مقبوضہ کشمیر کی کٹھ پتلی ہائی کورٹ نے جانوروں کے ذبح کرنے سے متعلق کیس میں یکطرفہ فیصلہ سناتے ہوئے گائے کو ذبح کرنے پر پابندی عائد کر دی تھی جس کے بعد سے پوری مقبوضہ وادی میں بھارتی حکومت اور عدالت کے فیصلے کے خلاف مظاہرے کئے جا رہے ہیں۔