بلال کا کمال اسپن جال سے زمبابوے بے حال

آف اسپنر کی جادوئی بولنگ نے فیصلہ کن ون ڈے میںمیزبان کو حواس باختہ کردیا

میزبان ٹیم 89 کی بہترین بنیاد پانے کے باوجود 161 رنز تک محدود، موتمبامی 67 اور چھیبابا 48 رنز بنانے میں کامیاب، عماد وسیم نے 3 پلیئرز کو پویلین چلتا کیا ۔ فوٹو : اے ایف پی

SWAT:
بلال نے کمال دکھاتے ہوئے زمبابوے کو اسپن جال سے بے حال کردیا ، آف اسپنر کی جادوئی بولنگ نے فیصلہ کن ون ڈے میں میزبان سائیڈ کو حواس باختہ کردیا، پاکستان نے 7 وکٹ سے فتح حاصل کرکے سیریز بھی 2-1 سے اپنے نام کرلی، 162 رنز کا آسان ہدف 3 وکٹ کے نقصان پر 34 اوورز میں حاصل کرلیا، اسد شفیق اور بلال آصف نے 38، 38 رنز بنائے، شعیب ملک 34 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

اس سے قبل 89 رنز کی بہتر بنیاد پانے والی زمبابوین ٹیم 161 رنز پر ڈھیر ہوگئی، آخری 9 وکٹیں 18.5 اسپن اوورز میں 65 رنز کے دوران گریں، رچمونڈ موتمبامی 67 اور چھامو چھیبابا 48 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، 8 کھلاڑی ڈبل فیگرتک ہی نہیں پہنچ پائے، مین آف دی میچ بلال نے 5 اورعماد وسیم نے 3 وکٹیں لیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان نے تیسرے اورفیصلہ کن ون ڈے میں زمبابوے کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 2-1 سے اپنے نام کرلی۔

فتح کیلیے 162 رنز ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پہلی وکٹ 58 کے مجموعی اسکور پرگری جب بلال آصف نے نیمبو کی گیند پر زوردار شاٹ کھیلنا چاہامگر لانگ آن پرموتمبوزی نے اپنی ایتھلیٹک صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے ان کا کیچ تھام لیا، بلال نے ایک چھکے اور 6 چوکوں کی مدد سے 39 بالزپر38 رنزبنائے، حفیظ صرف 13 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، پانیانگرا کی گیند پروہ وکٹ کیپر چاری کا کیچ بنے، دوسرے اینڈ پر موجود احمد شہزاد کافی دیر سے جدوجہد کرتے ہوئے دکھائی دے رہے تھے۔


اس دوران انھوں نے کافی گیندیں بھی ضائع کیں، آخر ان کی مشکل ولیمز نے آسان کی، کریز سے باہر نکل کر کھیلنے کی کوشش میں وہ اسٹمپڈ ہوگئے، انھوں نے 61 بالز پر دو چوکوں کی مدد سے 32 رنز بنائے۔ اس بعد زمبابوین ٹیم کو خوشی منانے کا اور کوئی موقع میسر نہیں آیا، اسد شفیق اور شعیب ملک نے ٹیم کو 34 ویں اوور میں فتح سے ہمکنار کردیا، دونوں بالترتیب 38 اور 34 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

اس سے قبل زمبابوین اوپنرز چھامو چھیبابا اور رچمونڈ موتمبامی نے ٹیم کو 89 رنز کی قدرے بہتر بنیاد فراہم کی، 13 ویں اوور میں قائم مقام کپتان سرفراز احمد نے کیریئر کا دوسرا ون ڈے کھیلنے والے بلال آصف کو گیند تھمائی ، اوپنرز شروع میں آف اسپنر کو آسانی سے کھیلے مگر جب چھیبابا نے 21 ویں اوور میں بولرکو آسان ریٹرن کیچ تھمایا تو پھر زمبابوین بیٹنگ لائن پر خزاں کا موسم چھا گیا اور وکٹیں خشک پتوں کی مانند جھڑنے لگیں۔ 100 کے مجموعی اسکور پر دوسری وکٹ گری جب عماد وسیم نے برین چاری کو صرف 4 رنز پر ایل بی ڈبلیو کردیا، سین ولیمز نے باہر نکل کر بلال کو لانگ آن کی جانب کھیلنا چاہا مگر پھر دہری سوچ کا شکار ہوبیٹھے اور یوں ایک اور آسان کیچ واپس بولر کے ہاتھوں میں پہنچ گیا، انھوں نے 5 رنز بنائے۔

اسی اوور میں بلال نے ایک اور وکٹ لی جب ان کی گیند ایلن چگمبرا کے بیٹ سے ٹکرا کر وکٹوں میں جاگھسی، انھیں کھاتہ کھولنا تک نصیب نہیں ہوا۔ اپنے اگلے اوور میں بلال نے سکند رضا کو بڑی خوبصورتی سے گھیرا، 2 کے انفرادی اسکور پر سویپ شاٹ کھیلنے کی کوشش میں وہ وکٹیںہی اڑوا بیٹھے۔ بلال نے ٹینو موٹمبوزی کو 4 رنز پر بولڈ کرکے اپنی 5 وکٹیں مکمل کیں، اس طرح 31 ویں اوور کے اختتام پر زمبابوے کی 127 رنز پر 6 وکٹیں گرچکی تھیں۔

دوسرے اینڈ پر کافی دیر سے مزاحمت کرنے والے موتمبامی 67 رنز پر عرفان کی وکٹ بنے، کیچ سرفراز نے تھاما، میلکولم والیر8 رنز پر عماد وسیم کی گیند پر حفیظ کے ہاتھوں کیچ ہوئے، تناشے پانیانگرا کو عماد نے ایل بی ڈبلیو کے ذریعے صفر کی خفت سے دوچار کیا، 161 کے مجموعی اسکور پر گرنے والی آخری وکٹ نیمبو (4) کی تھی جوکہ شعیب ملک کے حصے میں آئی، کیچ محمد رضوان نے تھاما۔ بلال آصف نے 10 اوورز میں 25 رنز دے کر 5 وکٹیں لیں جبکہ عماد نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
Load Next Story