غیرمتعلقہ عناصرکوعلما کے کوائف جمع نہیں کرنے دینگے مقررین

ملالہ پرحملے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، ملک کوسیکولرازم کا مرکز بنایا جارہا ہے۔

جمعیت اتحاد العلماکے تحت منعقدہ علما کنونشن سے مولانا عبدالمالک،محنتی ودیگرکاخطاب

KARACHI:
جمعیت اتحاد العلما کے تحت منعقدہ علما کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا ہے کہ ملالہ پر حملہ قابل مذمت ہے۔

علمائے کرام کو ڈرانے یا دھمکانے اور کوائف جمع کرانے کے احکامات تسلیم نہیں کیے جائیں گے ،انھوں نے کہا کہ تحفظ ناموس رسالتؐ ہر مسلمان کا بنیادی عقیدہ ہے اور حرمت رسولؐ کی حفاظت کیلیے ہم کسی حد تک بھی جاسکتے ہیں ،ملالہ کو امریکی ایجنٹوں نے گولیوں کا نشانہ بنایا،ملالہ پر حملے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ،یہود و نصاریٰ کے مقامی ایجنٹ علمائے کرام کے کوائف جمع کرکے ڈرانا چاہتے ہیں مگر علمائے کرام کلمہ حق بلند کرتے رہیںگے،حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ایم کیو ایم کی جانب سے مساجد و مدارس اور علما و خطبا کے کوائف جمع کرنے کے فسطائی اقدام کا نوٹس لیں۔


ان خیالات کا اظہار مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام نے جمعیت اتحادالعلما کے تحت منعقدہ تحفظ ناموس رسالت و تحفظ مساجدو مدارس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،کانفرنس سے صدر جمعیت اتحاد العلما پاکستان شیخ القرآن و الحدیث مولانا عبدالمالک،جمعیت علمائے اسلام ف کے قاری شیر افضل،امیر جماعت اسلامی کراچی محمد حسین محنتی، جمعیت علمائے پاکستان کے قاضی احمد نورانی،جمعیت اہل حدیث کے علامہ فاروق قصوری،علامہ سردارافضل' جامعہ بنوریہ کے قاری افتخار،جمعیت علمائے اسلام (س) کے مفتی عثمان یار خان سمیت دیگر نے خطاب کیا۔

کانفرنس میں مولانا عطا اللہ نے توہین رسالت اور علمائے کرام کے کوائف جمع کیے جانے کے خلاف قرارداد مذمت پیش کی جسے حاضرین نے ہاتھ اٹھاکر منظور کیا، محمد حسین محنتی نے کہا کہ اسلام کے نام پر بننے والے ملک کو سیکولرازم اور لادینیت کا مرکز بنانے کی کوشش کی جارہی ہے،میڈیا اور حکمران جماعتیں مساجد و مدارس کے خلاف زہر اگل رہے ہیں ۔
Load Next Story