رنگینشیشوں فینسی نمبر پلیٹس لگی گاڑیوں کیخلاف مہم شروع کرنیکا حکم

کھالیں جمع کرنے کے ضابطہ اخلاق پر عمل،کھالیں جمع کرنے والی تنظیموں اورکھالوں کی منتقلی پر سیکیورٹی فراہم کی جائے.

مفرور، اشتہاریوںکو گرفتاراور منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کی جائے، ایڈیشنل آئی جی اقبال محمود کی ہدایت۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

KHAIRPUR/DADU:
ایڈیشنل آئی جی کراچی اقبال محمود نے رنگین شیشے ، نیلی لائٹس اور فینسی نمبر پلیٹس لگی گاڑیوں کے خلاف بھر پور مہم شروع کرنے کا حکم دے دیا۔

جبکہ عید الاضحی پر قربانی کی کھالیں جمع کرنے کے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو بھی یقینی بنانے کی ہدایت کردی ، سینٹرل پولیس آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق ایڈیشنل آئی جی کراچی اقبال محمود نے سی پی او میں امن و امان سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے حکم دیا کہ ٹریفک پولیس کے باہمی اشتراک سے رنگین شیشے والی ، نیلی ریوالونگ لائٹس اور فینسی و غیر معیاری نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کے خلاف بھرپور اور غیر جانبدارانہ مہم چلائی جائے۔


انھوں نے مزید کہا کہ عید الاضحی کے موقع پر قربانی کی کھالوں کے حوالے سے محکمہ داخلہ کے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کے سلسلے میں تمام اسٹیک ہولڈرز اور باقاعدہ اجازت کے تحت کھالیں جمع کرنے والی تنظیموںکے عہدیداران کے ساتھ اجلاس یقینی بنائیں ، اس کے علاوہ کھالیں جمع کرنے کے مقامات اور کھالوں کی منتقلی پر مامور گاڑیوں کو تھانوں کے لحاظ سے سیکیورٹی فراہم کرتے ہوئے امن و امان کے حالات کو کنٹرول میں رکھا جاسکے۔

اقبال محمود کا کہنا تھا کہ محرم الحرام کی آمد سے قبل تمام ڈویژنل ایس پیز متعلقہ علاقوں میں علما کے ساتھ اجلاس منعقد کریں،ایڈیشنل آئی جی نے تمام ایس ایچ اوز کو ہدایات جاری کیں کہ مفرور و اشتہاری ملزمان کی گرفتاریوں کے ساتھ ساتھ منشیات فروشوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے جبکہ علاقے میں آنے والے نئے کرائے داروں کے کوائف اکٹھا کرنے اور کچی آبادیوں میں قائم چھپرا ہوٹلوں پر مشکوک عناصر کی نگرانی یقینی بنائی جائے، انھوں نے مزید کہا کہ تھانوں کے رجسٹر کی روزانہ بنیاد پر ترتیب ممکن بنائی جائے۔
Load Next Story