فیروزآباد سے ملنے والی لاش کی شناخت ہوگئی

فرقان پی آئی بی کا رہائشی ،دسویں جماعت کا طالبعلم تھا ،اغوا کے بعد قتل کیا گیا.

کسی سے کوئی دشمنی نہیں ہے ، بھائی کی گفتگو،بہنیں میت سے لپٹ کر رونے لگیں

طارق روڈ پر اکبری مسجد کے قریب سروس روڈ سے ملنے والی لاش کی شناخت کرلی گئی۔

مقتول پی آئی بی کالونی کا رہائشی اور د سویں جماعت کا طالب علم تھا ، مقتول کو نامعلوم ملزمان نے اغوا کے بعد تشدد کا نشانہ بنا کر فائرنگ کرکے ہلاک کیا ، تفصیلات کے مطابق فیروزآباد کے علاقے طارق روڈ پر واقع اکبری مسجد کے سامنے سروس روڈ سے بوری میں بند ملنے والی لاش کی شناخت 14 سالہ فرقان ولد رمضان کے نام سے کرلی گئی،مقتول پی آئی بی کالونی کا رہائشی تھا ،مقتول کے بھائی کامران نے ایکسپریس کو بتایا کہ ان کے والد علاقے میں قوال ہیں ،مقتول فرقان دسویں جماعت کا طالب علم تھا ، جمعہ کی رات کو دوستوں کے ہمراہ مویشی منڈی جانے کا کہہ کر نکلا تھا۔


انھوں نے بتایا کہ اس کے بعد وہ واپس نہ آیا جس کے بعد اسے ہر ممکن مقام پر تلاش کیا گیا لیکن وہ نہیں ملا ، اس کے تمام دوستوں سے بھی اس کے بارے میں پوچھا گیا لیکن سب نے لاعلمی کا اظہار کیا ، اتوار کو بھی وہ ڈھونڈتے ڈھونڈتے جب ایدھی سرد خانے پہنچے تو وہاں انھوں نے فرقان کی لاش کو شناخت کیا ،کامران کا کہنا تھا کہ نامعلوم ملزمان نے فرقان کو اغوا کے بعد بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا اور سر پرگولی مار کر ہلاک کردیا۔

انھوں نے بتایا کہ کامران 5 بہنوں اور 3 بھائیوں میں سب سے چھوٹا تھا ، انھوں نے کہا کہ ان کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں ہے ،بعدازاں مقتول کی لاش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا، بہنیں میت سے لپٹ کر رونے لگیں ، نماز جنازہ گھر کے قریب واقع مقامی مسجد میں ادا کی گئی جس کے بعد اسے سی ایریا لیاقت آباد قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔
Load Next Story