حصص مارکیٹ میں بیرونی سرمایہ کار سرگرم مزید341 پوائنٹس کا اضافہ

پیر کو مارکیٹ میں کاروباری حجم 21.29 فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر 19کروڑ 59 لاکھ 13 ہزار حصص کے سودے ہوئے

پیر کو مارکیٹ میں کاروباری حجم 21.29 فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر 19کروڑ 59 لاکھ 13 ہزار حصص کے سودے ہوئے۔ فوٹو: آئی این پی/فائل

کراچی اسٹاک ایکس چینج میں نئے کاروباری ہفتے کے آغاز پر زبردست تیزی کا رحجان دیکھاگیا، کے ایس ای 100انڈیکس 34000 پوائنٹس کی نفسیاتی حد بھی عبور کر گیا جبکہ سرمائے کے مجموعی حجم میں 65 ارب 76کروڑ 26لاکھ 41ہزار387 روپے کا اضافہ ہوا، پیر کومارکیٹ میں کاروبار کا آغاز تیزی کے ساتھ ہوا۔

ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس 33900، 34000 اور 34100 پوائنٹس کی3نفسیاتی حدیں بیک وقت عبور کر گیا، سرمایہ کار پورے دن توانائی، پٹرولیم اور سیمنٹ سیکٹرمیں سرگرم دکھائی دیے جس کی وجہ سے کاروبار پر مسلسل تیزی کے اثرات غالب رہے۔


مارکیٹ تجزیہ کاروں کے مطابق قومی اسمبلی کی نشست این اے122 میں پر امن ضمنی انتخابات کا انعقاد اور ایم کیو ایم کی جانب سے استعفوں کی واپسی کی خبروں پر سرمایہ کاروں نے مارکیٹ کا رخ کیا اور منافع بخش شعبوں میں بھرپور سرمایہ کاری کی، غیرملکی سرمایہ کاروں نے بھی انویسٹمنٹ میں دلچسپی لی اور 17لاکھ 78ہزار758 ڈالر کی سرمایہ کاری جس کی وجہ سے مارکیٹ مستحکم انداز میں بلندی کی جانب بڑھتی رہی، افراط زر اور شرح سود کی ریکارڈ کم سطح بھی سرمایہ کاری کے اعتبار سے بہتر قرار دی جا رہی ہے۔

پیر کو کے ایس ای 100انڈیکس 340.67 پوائنٹس کے اضافے سے 33843.18 پوائنٹس سے بڑھ کر 34183.85 پوائنٹس پر جا پہنچا، کے ایس ای 30انڈیکس 274.37 پوائنٹس بڑھ کر 20658.19 پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 216 پوائنٹس اضافے سے 23890.27 پوائنٹس پر بند ہوا۔

مارکیٹ سرمایہ 65ارب 76 کروڑروپے کے اضافے سے 72کھرب 99ارب50کروڑ 55 لاکھ 36ہزار50روپے ہوگیا، پیر کو مارکیٹ میں کاروباری حجم 21.29 فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر 19کروڑ 59 لاکھ 13 ہزار حصص کے سودے ہوئے، گزشتہ روز 395کمپنیوں کاکاروبار ہوا جس میں سے 206کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ،161میں کمی اور28کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
Load Next Story