امن فائونڈیشن کے تحت نوجوانوں کوفنی تعلیم دی جائے گی

جرمن حکومت کے تعاون سے کورسزکے بعد نوجوانوں کو ملازمت کے مواقع دیے جائینگے۔

امن ٹیک کے تحت جرمنی، پاکستان ٹریننگ انیشیٹو کی تقریب سے جرمن قونصل جنرل ٹیلو کلینر خطاب کررہے ہیں، امن فائونڈیشن کے چیف ایگزیکٹواحسن جمیل، چیف ایگزیکٹوامن ٹیک شاہد ذکی اور دیگر موجود ہیں۔ فوٹو : محمد عظیم / ایکسپریس

جرمن حکومت نے پاکستان میں مختلف سماجی شعبوںمیںکام شروع کردیا ہے۔

ملک میں پہلی بارجرمن حکومت کے اشتراک سے نوجوانوںکو ووکیشنل تعلیم وتربیت فراہم کرکے روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے،نوجوانوں میں تعلیم وتربیتی کورس امن فاؤنڈیشن،امن ٹیک کے تحت شروع کیے جائیںگے،یہ بات جرمن قونصل ڈاکٹر کلوٹینر نے پیرکو امن فائونڈیشن کا دورہ اور پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔


اس موقع پرامن فاؤنڈیشن کے سربراہ احسن جمیل ، امن ٹیک کے سی ای اوشاہد ذکی نے بھی خطاب کیا،جرمن قونصل جنرل نے کہا کہ جرمن حکومت پاکستان میں نوجوانوں کو ہنرمندی فنی تعلیم وتربیت کا نیا سلسلہ شروع کررہی ہے،ایک سالہ کورس کی تعلیم وتربیت بلامعاوضہ فراہم کی جائیگی،کورس مکمل کرنے کے بعد شرکا کو بیرون ملک ملازمت کےموقع بھی فراہم کریگی، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی 63فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے جن کی عمریں 25سال کے درمیان ہیں، حکومت جرمنی نے امن فاؤنڈیشن سے ایک معاہدے کے تحت نوجوانوں کو تعلیم و تربیت فراہم کرنے کے منصوبے کو حتمی شکل دیدی ہے،آٹوموبائل سمیت دیگر فنی کورس کے اخراجات بھی جرمن ادارے برداشت کریںگے اور امیدواروں سے کورس کی مد میں کوئی فیس نہیں لی جائیگی۔

انھوں نے کہا کہ پہلا پائلٹ پروگرام امن فاؤنڈیشن میں شروع کیا جارہا ہے ،جرمن حکومت کے اشتراک سے پاکستان میں محفوظ انتقال خون کیلیے سینٹرل الائزڈ بلڈبینکس سروسز بھی شروع کی جارہی ہے جبکہ پاکستان میںانرجی کے شعبوں میں بھی کام جاری ہے ، امن فاؤنڈیشن کے سربراہ احسن جمیل نے کورس کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کوجرمن حکومت کے اشتراک سے فنی تعلیم وتربیت امن فاؤنڈیشن کے مرکزی آفس میںکرائی جائیگی جہاں ماہرین کی نگرانی میں نوجوانوںکو ایک سالہ کورس کرایا جائیگا۔

انھوں نے کہاکہ یہ منصوبے پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ ہوگا جس میں نوجوانوں کو نئی تعلیم وتربیت دیکرہنرمند بنایاجائیگا اورکورس مکمل کرنے والوں کو بیرون ممالک میں ملازمت فراہم کی جائیگی ،ان کا کہنا تھا کہ امن فاؤنڈیشن میں ووکیشنل تعلیم وتربیت کے انسٹی ٹیوٹ بھی قائم کردیاگیا ہے جہاں ماہرین کی نگرانی میں فنی تعلیم دی جائیگی،امن ٹیک کے سی ای او شاہد ذکی اورکامران کاشف نے کورس کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ امن فاؤنڈیشن کے تحت نوجوانوں میں فنی تعلیم وتربیت دیکر انھیں ہنرمند بنایا جائیگا تاکہ یہ نوجوان بیرون ممالک میں روزگار حاصل کرسکیں ۔
Load Next Story