پاور پالیسی 2013 کی خلاف ورزی قومی گرڈ کیلیے مہنگی بجلی خریدنے کا انکشاف

اگست میں سستے پلانٹ کے بجائے زیادہ برقی توانائی مہنگے بجلی گھروں سے لے کر ملکی صارفین کو فراہم کی گئی

اگست میں سستے پلانٹ کے بجائے زیادہ برقی توانائی مہنگے بجلی گھروں سے لے کر ملکی صارفین کو فراہم کی گئی فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
بجلی کی پیداوار میں میرٹ آرڈر کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے، این ٹی ڈی سی نے لاگت کے لحاظ سے پاور پلانٹس کی فہرست کا اجرا 3 ماہ سے بند کردیا ہے جس سے پاور سیکٹر میں شفافیت کے بارے میں خدشات تقویت اختیار کررہے ہیں۔

پاور سیکٹر کے ماہرین کا کہنا ہے کہ نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) طلب کے مطابق بجلی اپنے نظام میں لانے کے لیے مختلف پاور پلانٹس کے لیے آرڈر کرتی ہے، قواعد کے مطابق این ٹی ڈی سی ان پلانٹس سے بجلی خریدنے کی پابند ہے جن کی لاگت کم ترین ہے، این ٹی ڈی سی پیداواری لاگت کی بنیاد پر پاور پلانٹس کی فہرست جاری کرتی ہے ، میرٹ کی ترتیب کہلائی جانے والی اس فہرست کا مطلب پیداواری لاگت پر مبنی بجلی خریداری کی ترجیحات ظاہر کرنا ہے، کم ترین لاگت کا پاور پلانٹ فہرست میں سب سے اوپر اور سب سے زیادہ لاگت والے پاور پلانٹس اسی ترتیب سے نیچے ہیں، ہرماہ 2 بار میرٹ لسٹ این ٹی ڈی سی کی ویب سائٹ پر پوسٹ کی جاتی تھی تاہم یہ فہرست آخری بار جولائی 2015 کیلیے پوسٹ کی گئی پھر نامعلوم وجوہ کی بنیاد پر کمپنی یہ میرٹ لسٹ اگست، ستمبر اور اکتوبر کے لیے پوسٹ کرنے میں ناکام رہی۔


ماہ اگست کے لیے جنریشن بمقابلہ میرٹ کی ترتیب کا گوشوارہ (جو بصورت دیگر حاصل کرلیا گیا) ظاہر کرتا ہے کہ 325 میگاواٹ استعداد کے ساتھ کوٹ ادو1، میرٹ کی ترتیب میں 53 رینک کے باوجود این ٹی ڈی سی کی جاری کردہ ہدایات کے مطابق تیسرا سب سے زیادہ استعمال ہونے والا پلانٹ تھا، 213 میگاواٹ استعداد کے ساتھ اینگرو پاورمیرٹ کی ترتیب میں 57 رینک کے باوجود این ٹی ڈی سی کی ہدایات کے مطابق 87 فیصد پر آپریٹ ہونے والا ساتواں سب سے زیادہ استعمال ہونے والا پلانٹ تھا،196میگا واٹ استعداد کے ساتھ لبرٹی پاور نے میرٹ کی ترتیب میں 38 رینک کے باوجود اپنی 87 فیصد استعداد استعمال کی اور این ٹی ڈی سی کی ہدایات کے مطابق آٹھواں رینک دیا گیا، اسی طرح روش اور اٹک کو میرٹ ترتیب میں رینک 10اور 26کے باوجود ڈسپیچ ہدایات کی پہلی اور چھٹی (بالترتیب 98فی صد اور 88 فیصد استعداد) ترجیح دی گئی تھی۔

مزید برآ، 212 میگاواٹ استعداد اور میرٹ ترتیب میں رینک 2 رکھنے والی لبرٹی کو صرف 85 فیصد استعداد کے ساتھ کم ترجیح دی گئی، اسی طرح اوچ2 پاور پلانٹ 338 میگاواٹ استعداد کے ساتھ میرٹ ترتیب میں رینک 4 رکھتا ہے لیکن اسے ترجیحی فہرست میں نویں نمبر پر رکھا گیا اور اس کے استعدادی عنصر کو صرف 86 فیصد تک استعمال کیا جا رہا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ 530میگاواٹ استعداد کے ساتھ جینکو گڈو سی سی 5-10 پاور پلانٹ کو میرٹ ترتیب میں رینک 14 ہونے کے باوجود ترجیحی فہرست میں آخر میں رکھا گیا ہے جبکہ اس پلانٹ کی صرف 5 فیصد استعداد کواستعمال کیا جا رہا ہے، ڈیسپیچ کی موجودہ ترجیحات واضح طور پر قومی پاور پالیسی 2013کے ہدف (iii)کے خلاف ہیں جسے گھریلو، تجارتی اور صنعتی استعمال کے لیے سستی اور مناسب قیمت پربجلی کی پیداوار کو یقینی بنانا ہے۔
Load Next Story